ناٹو نے انقرہ کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تنہا چھوڑ دیا: ترکی

   

انقرہ۔ 7 ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے وزیر دفاع خلوصی آکار نے ایک بیان میں شمالی اوقیانوس کے عسکری اتحاد ’ناٹو‘ پر سخت تنقید کی ہے اور الزام عاید کیا ہے کہ ناٹو نے ترکی کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اکیلا چھوڑ دیا ہے۔کل ترکی کے ایک ٹی وی چینل پر نشر کردہ بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ گذشتہ ہفتے لندن میں ہونے والے ناٹو کے سربراہ اجلاس میں اتحاد کے ممبران کسی حتمی سمجھوتے تک نہیں پہنچے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ناٹو نے اپنے اتحادی ترکی کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تنہا چھوڑ دیا ہے۔ ترکی نے ناٹواور یورپی ملکوں کو خبردار کیا تھا کہ اگر وہ بالٹک ریاستوں اور پولینڈ کے حوالے سے انقرہ سے تعاون چاہتے ہیں تو انہیں شمالی شام میں ترکی کی فوجی کارروائی کی حمایت کرنا ہوگی۔ اس طرز عمل کو بعض یورپی ممالک نے بلیک میلنگ قرار دیا تھا۔ کچھ حلقوں کیلئے یہ سمجھنا غیر منطقی ہے کہ ہم اپنی قومی سلامتی کے دفاع میں جو اقدامات اٹھا رہے ہیں انہیں ناٹو نظر انداز کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔