ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے فوج کا استعمال خطرناک: احمدپٹیل

   

نئی دہلی 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے کہا ہے کہ بی جے پی اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کے لئے فوج کا استعمال کرتے ہوئے خطرناک راستہ پر چل رہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابی مہم میں مسلح افواج کا استعمال روکنے کے لئے الیکشن کمیشن کی طرف سے اعلامیہ کی اجرائی کی سخت ضرورت تھی۔ انڈین ایرفورس کے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان کے ساتھ بی جے پی قائدین کی تصاویر کے ہورڈنگس کے پس منظر میں الیکشن کمیشن نے ہفتہ کو اعلامیہ جاری کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کو دفاعی اہلکاروں کی تصاویر کے استعمال سے باز رہنے کی ہدایت کی تھی۔ احمد پٹیل نے ٹوئٹر پر لکھاکہ ’’انتخابی مہم میں مسلح افواج کے استعمال کو روکنے کے لئے الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کی سخت ضرورت تھی۔ اس (اعلامیہ) پر مکمل عمل آوری کی ضرورت ہے۔ سکیورٹی فورسیس کو سیاست سے دور رکھا جائے‘۔ الیکشن کمیشن نے ڈسمبر 2013 ء میں جاری کردہ اپنے مکتوب کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے تازہ احکام میں تمام سیاسی جماعتوں کو دفاعی اہلکاروں یا ان سے متعلق تقاریب کی تصاویر کے استعمال سے گریز کی ہدایت کی ہے۔