ناگالینڈ، میگھالیہ، تریپورہ میں آئندہ ماہ اسمبلی انتخابات

   

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے چہارشنبہ کو تین شمال مشرقی ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تریپورہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 16 فروری کو ہوں گے اور ناگالینڈ اور میگھالیہ اسمبلیوں کے انتخابات 27 فروری کو ہوں گے ۔ 2 مارچ کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر انوپم چندر پانڈے اور ارون گوئل نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ تریپورہ میں 16 فروری، ناگالینڈ اور میگھالیہ میں 27 فروری کو ایک ساتھ پولنگ ہوگی ۔تریپورہ کی تمام 60 نشستوں کیلئے 21 جنوری کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور 30جنوری تک کاغذات نامزدگی داخل کی جاسکے گی اور 2 فروری تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے ۔ میگھالیہ اور ناگالینڈ کیلئے 31جنوری کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور 7فروری تک نامزدگیاں داخل کی جا سکیں گی۔ امیدوار 10 فروری تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔