ناگرجنا ساگر میں انتخابی وعدوں کی تکمیل ہوگی

   

حلقہ کے رائے دہندوں سے چیف منسٹر کے سی آر کا اظہار تشکر
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ناگر جنا ساگر اسمبلی حلقہ میں ٹی آر ایس امیدوار این بھگت کو بھاری اکثریت سے منتخب کرنے پر رائے دہندوں سے دل کی گہرائیوں سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے اصولوں کے مطابق الیکشن کے موقع پر عوام سے کئے گئے ہر وعدہ کی تکمیل کی جاتی ہے بہت جلد رکن اسمبلی بھگت کے علاوہ ناگر جنا ساگر اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے قائدین کے ساتھ عوامی مسائل پر اجلاس طلب کرتے ہوئے ان کی یکسوئی کردی جائے گی۔ دیور کنڈہ، ناگرجنا ساگر، مریال گوڑہ، حضور نگر اور کوداڑ اسمبلی حلقوں میں حالیہ عرصہ میں منظورہ لفٹ اریگیشن اسکیمات کو مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران عوام نے جن مسائل سے قائدین کو واقف کرایا تھا ان کی یکسوئی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حلقہ کے عوام کی ترقی اور بھلائی سے متعلق ہر ممکن قدم اٹھائے جائینگے۔ حکومت پر اعتماد کا اظہار کرنے ووٹرس سے اظہار تشکر کیا گیا۔ انہوں نے کامیاب امیدوار این بھگت کو مبارکباد دی اور بھگت کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی خدمات میں خود کو منہمک کردیں۔ پارٹی کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین و کارکنوں سے بھی چیف منسٹر نے اظہار تشکر کیا۔