ناگپور میں آسٹریلیا پر فتح کا چوکا لگانے اترے گا : ہندوستان

   

ناگپور، 04 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم ون ڈے میں شاندار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ناگپور میں منگل کو ہونے والے دوسرے ون ڈے میں جیت کا چوکا لگانے اور سیریز میں 2-0 کی برتری بنانے کے مضبوط ارادے سے اترے گی۔ہندستان نے اس میدان پر آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے کھیلے ہیں اور تینوں میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ہندستان نے آسٹریلیا کو 2009 میں یہاں 99 رنز سے ، 2013 میں 351 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چھ وکٹ سے اور 2017 میں سات وکٹ سے شکست دی تھی۔ ہندستان اپنے گزشتہ نو ون ڈے میں سے سات میچ جیت چکا ہے اور ناگپور میں کنگارو کے خلاف جیت کے رتھ کو وہ اس میچ میں دوڑانا چاہتے ہیں ۔دوسری طرف آسٹریلیا کو واپسی کرنے کے لئے اس میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میں 236 رن بنائے تھے جبکہ اس کے اس سے بڑا اسکور بنانے کی ضرورت ہے اگر اسے ہندوستان کی مضبوط بلے بازی کو روکنا ہے ۔ آسٹریلیا نے ہندستان کے چار وکٹ صرف 99 رن پر گرا دیئے تھے لیکن اس کے بعد اس کے بولر کیدار جادھو اور مہندر سنگھ دھونی کو قابو نہیں کر پائے ۔ ہندستان نے یہ مقابلہ چھ وکٹ سے جیت لیا۔ جادھو اور دھونی دونوں نے نصف سنچری بنائی۔ہندستان اس مقابلے میں تقریبا اسی ٹیم کو اتارے گا جس نے حیدرآبادمیں پہلا میچ جیتا تھا۔ ہندستان کی اگر کوئی فکر فی الحال ہے تو وہ ایک بار پھر اوپننگ جوڑی ہے ۔ شکھر دھون کا پہلے میچ میں صفر پر آؤٹ ہونا ٹیم کی فکر میں اضافہ کرتا ہے ۔