ناگپور میں بنائی گئی سنچری یاد رہے گی:روہت

   

ناگپور: آسٹریلیا کے خلاف چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جیت کا سہرا گیند بازوں کو دیتے ہوئے ہندوستانی کپتان روہت شرما نے کہا کہ وہ اپنی سنچری کو ہمیشہ یاد رکھیں گے جس نے ٹیم کی جیت میں مدد کی۔ روہت نے آج جیت کے بعد کہا کہ ہمارے لئے اچھی شروعات کرنا ضروری تھا۔ ہم جانتے ہیں کہ اس طرح کی سیریز کھیلنا ضروری ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں ایسی کارکردگی پیش کر سکا جس سے ٹیم کو مدد مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کبھی کوویڈ اور کبھی چوٹ کی وجہ سے کچھ ٹسٹ سے محروم ہونا پڑا۔ جب آپ طویل عرصے تک کھیلتے ہیں تو ایسی چیزیں ہو سکتی ہیں لیکن مجھے ماضی میں انجری ہوئی ہے، اس لئے میں جانتا ہوں کہ واپس کیسے آنا ہے ۔ ٹیم میں واپسی پر خوشی ہوئی۔ ہندوستانی کپتان نے کہا کہ ہماری اسپن بولنگ میں معیار ہے لیکن ہمیں تیز گیند بازوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے ۔ وہ ان حالات سے فائدہ اٹھانا جانتے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ ہمارے تمام بلے بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، 400رن بنائے اور کافی برتری حاصل کی جس کے بعد اسپنروں نے اہم کردار ادا کیا۔