ناگیشور راؤ کیس کی سماعت سے گوگوئی علحدہ

   

نئی دہلی ۔ 21 جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی نے آج ایم ناگیشور راؤ کے بحیثیت عبوری ڈائرکٹر سی بی آئی تقرر کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت سے آج گریز کیا اور کہا کہ وہ انتخابی کمیٹی کا حصہ ہوں گے جو محکمہ کے نئے سربراہ کا انتخاب کرے گی ۔ انتخابی کمیٹی میں جو اعلیٰ سطحی بااختیار کمیٹی ہوگی چیف جسٹس آف انڈیا ، وزیراعظم ، قائد اپوزیشن پارلیمنٹ ، وسیع ترین اپوزیشن پارٹی اور چیف جسٹس کے نامزد سپریم کورٹ جج پر مشتمل ہوگی ۔ چیف جسٹس آف انڈیا اور جسٹس سنجیوکھنہ پر مشتمل ایک بنچ ایک درخواست مفاد عامہ کی سماعت کررہی تھی جس کے مطابق عبوری ڈائرکٹر سی بی آئی کا تقرر کرنے کے لئے انتخاب کیا گیاتھا جو نئے ڈائرکٹر کے تقرر تک کارکرد رہے گا ۔ یہ درخواست این جی او ’’کامن کاز‘‘ نے داخل کی تھی جس میں راؤ کے بحیثیت عبوری ڈائرکٹر کے تقرر کو چیلنج کیا گیا ہے ۔ مسٹر راؤ 10 جنوری کو ایڈیشنل ڈائرکٹر سی بی آئی مقرر کئے گئے تھے ۔ بعد ازاں انھیں نئے ڈائرکٹر کے تقرر تک عبوری ڈائرکٹر بنادیا گیا ۔ بدعنوانی اور فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کے الزامات کی بنا پر وزیراعظم کی زیرقیادت اعلیٰ سطحی بااختیار کمیٹی نے جس کی قیادت وزیراعظم نریندر مودی کررہے تھے الوک ناتھ ورما کو ان کے عہدہ سے علحدہ کردیا تھا ۔