مظفر نگر 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کی ایک عدالت نے کیرانا کے ایس پی رکن اسمبلی ناہید حسن کی جائیدادیں قرق کرنے کی کارروائی شروع کرنے کے لئے پولیس کو اجازت دیدی ہے۔ ناہید حسن کے خلاف ایک افسر سے بدتمیزی کے علاوہ جائز دستاویزات کے بغیر گاڑی چلانے کے الزامات درج کئے گئے تھے۔ پولیس عہدیداروں نے کہاکہ جائیدادوں کی قرقی سے متعلق ناہید حسن کے خلاف درخواستوں پر ہفتہ کو سماعت کے دوران عدالت نے اس رکن اسمبلی کو اپنے اجلاس پر حاضری کا حکم دیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ اجئے کمار نے کہاکہ پولیس نے (کسی شخص کو مفرور قرار دینے) سے متعلق فوجداری ضابطہ کی دفعہ 82 کے تحت قرقی کا عمل شروع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ 9 ستمبر کو ایک افسر نے ناہید حسن کو اپنی اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل (ایس یو وی) کی دستاویزات دیکھنے سے روک دیا تھا۔