نتن یاہو کو بغیر مقدمہ چلائے گولی ماردی جائے: راج موہن

,

   

کیرالا میں سرگوڈ متحدہ مسلم جماعت کی ریالی سے کانگریس رکن پارلیمنٹ کا خطاب

تروواننتاپورم: ریاست کیرالا سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ راج موہن نے کہا ہے کہ اسرائیل کے وزیراعظم نتن یاہو کو بغیر مقدمے چلائے گولی مار کر قتل کردینا چاہیے۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راج موہن اننتھن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو کو ‘‘نیورمبرگ ماڈل’’ کی طرز پر سزا دینے کا مطالبہ کیا۔میڈیا کے مطابق راج موہن اْنیتھن کا کہنا تھا کہ محصور غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرم کا ارتکاب کرنے پر نتن یاہو کو یہ سزا دینی چاہیے۔غزہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے جاری ریاستی دہشت گردی کے خلاف کیرالا کے علاقے کاسرگوڈ میں فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کاسرگوڈ متحدہ مسلم جماعت نے ریالی نکالی۔ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس قائد نے کہا کہ جنیوا کنونشن کے تحت تمام معاہدوں کو توڑنے والوں کے ساتھ کیا سلوک کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد جنگی جرائم کے مجرم جرمن نازیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے نیورمبرگ ٹرائلز کے نام سے سزائیں دی گئی تھیں، جس کے تحت ان جنگی جرائم کے ملزمان کو بغیر کوئی مقدمہ چلائے قتل کردیا گیا تھا۔ اب وقت آگیا ہے کہ نیورمبرگ ماڈل کو اسرائیلی وزیر اعظم پر بھی لاگو کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج نتن یاہو ایک جنگی مجرم کے طور پر دنیا کے سامنے کھڑا ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی افواج کے مظالم کی وجہ سے کسی مقدمے کی سماعت کے بغیر نتن یاہو کو گولی مار کر ہلاک کیا جائے۔قبل ازیں کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے بھی پارٹی کا باضابطہ بیان جاری کیا، جس میں غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی گئی اور حکومت ہند سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ جلد از جلد جنگ بندی کیلئے مداخلت کرے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی غزہ میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ایشیا میں ایسے واقعات سے نئے چیلنجز ابھر رہے ہیں۔