پٹنہ، 25 نومبر (آئی اے این ایس) چیف منسٹر نتیش کمار نے نئی حکومت کی تشکیل کے بعد واضح کیا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار دینا ان کی پہلی ترجیح رہے گی۔ انہوں نے ایک کروڑ نوجوانوں کو2025 سے 2030 کے درمیان نوکریاں اور روزگار فراہم کرنے کا ہدف مقررکیا ہے۔ چیف منسٹر نے اپنے ایک تفصیلی بیان میں کہا کہ 2020–25 کے دوران سات نشچئے2 کے تحت 50 لاکھ نوجوانوں کو نوکریاں ملی تھیں اور اب اگلے پانچ برس میں یہ تعداد دوگنی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے عہدہ سنبھالتے ہی صنعتوں کی توسیع اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے اقدامات تیزکردیے ہیں۔ نتیش کمار نے بہار کو نیو ایج اکانومی کی بنیاد پر ٹیکنالوجی اور سروس سیکٹرکا مرکز بنانے کا منصوبہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے کاروباری افراد، ماہرینِ معاشیات اور مختلف محکموں کی مدد سے بہار کو گلوبل بیک اینڈ ہب اور گلوبل ورک پلیس بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہوں نے دفاعی کوریڈور، سیمی کنڈکٹر پارکس، گلوبل کیپیبلٹی سینٹرز، میگا ٹیک اور فِن ٹیک سٹیزکے قیام جیسے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔ نوجوان افرادی قوت کی بنیاد پر بہار مشرقی ہندوستان کا نیا ٹیکنالوجی مرکزبن سکتا ہے۔انہوں نے نئی شوگر ملز قائم کرنے، پرانی ملوں کی بحالی، بہار آرٹیفیشل انٹلیجنس مشن شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔
