نتیش کمار کے بیٹے کے سیاست میں آنے پر بی جے پی کوکوئی اعتراض نہیں : جیسوال

   

بھاگلپور : بہار میں بی جے پی کے صدر اور لینڈ ریفارم اور ریونیو کے وزیر دلیپ جیسوال نے کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار کے بیٹے نشانت سیاست میں آئیں یا نہ آئیں، یہ ان کی مرضی ہے اور بی جے پی کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ جیسوال نے ہفتہ کے روز یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار 40 سال سے بہار اور ملک میں سرگرم سیاست میں ہیں، اگر وہ چاہتے تو اس دوران اپنے بیٹے کو ضرور سیاست میں لاتے ۔ لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ وہ مکمل سوشلسٹ رہنما رہے ہیں۔ ایسے میں اگر ان کا بیٹا اب سیاست میں آتا ہے تو ان کے والد نتیش کمار پر کبھی بھی اقربا پروری کا الزام نہیں لگے گا۔ جیسوال نے کہا کہ نتیش کمار انصاف کے ساتھ ترقی کر رہے ہیں۔ اپوزیشن بالخصوص آر جے ڈی ان کی پرگتی یاترا سے خوفزدہ ہے اور وہ یہ سب باتیں عوام کو گمراہ کرنے کیلئے کہہ رہے ہیں آج وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قابل قیادت میں بہار میں ہر شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو بہار سے خاص لگاؤ ہے اور وہ یہاں کے لوگوں کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ 24 فروری بہار کیلئے ایک تاریخی دن ہوگا۔
وزیر اعظم نریندر مودی بھاگلپور سے ملک بھر کے کسانوں کو ان کی خوشی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے 19ویں قسط بھیجیں گے ۔ کیلا، مکئی، دھان، مشروم اور مکھانہ کی کاشت کرنے والے کسانوں کی حالت میں تبدیلی آئے گی۔ مشرقی بہار اور سیمانچل کے لوگ اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کے تمام کارکنان اس پروگرام کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔ اس موقع پر قانون ساز کونسلر ڈاکٹر این کے یادو اور ضلع بی جے پی صدر سنتوش کمار بھی موجود تھے ۔