نتیش کمارکو غیر مشروط معافی مانگنی چاہئے :زائرہ وسیم

   

Ferty9 Clinic

ممبئی 16 ڈسمبر (ایجنسیز) بہارکے چیف منسٹر نتیش کمار ان دنوں ایک وائرل ویڈیو کی بدولت تنقیدوں کی زدمیں ہیں۔ نتیش کمار کا کل ایک ویڈیو سامنے آیا، جس میں انہیں ایک خاتون کا حجاب اتارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا جس سے مختلف قسم کے ردعمل سامنے آئے۔ دریں اثنا بالی ووڈ کی سب سے کامیاب ترین فلم دنگل کی اداکارہ زائرہ وسیم نے اپنا ردعمل ظاہرکیا ہے۔ زائرہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نتیش کمار سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔گزشتہ روز ایک تقریب کے دوران نتیش کمار نے ایک خاتون ڈاکٹر کو ملازمت کا خط پیش کرنے کے لیے بلایا اور پھر اچانک اپنے ہاتھوں سے اس خاتون کا حجاب اتار دیا۔ نتیش کمار کے اس ویڈیو پر بڑے پیمانے پر تنقید ہوئی ہے۔ اداکارہ زائرہ وسیم نے بھی واقعہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر توہین ہے اور نتیش کمارکو معافی مانگنی چاہیے۔ زائرہ وسیم نے اپنے ایکس اکاونٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، عورت کی عزت اور احترام ایسی چیزیں نہیں ہیں جن سے ہچکچاہٹ کی جائے، خاص طور پرکسی عوامی اسٹیج پر نہیں۔ ایک مسلمان خاتون کی حیثیت سے، اس لاپرواہ مسکراہٹ کے ساتھ دوسری عورت کا نقاب اس طرح ہٹاتے ہوئے دیکھ کر غصہ آیا۔ زائرہ وسیم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ طاقت حدیں پارکرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ نتیش کمار کو عورت سے غیر مشروط معافی مانگنی چاہیے۔ زائرہ وسیم نے مزید کہا کہ عورت کی عزت کوئی کھلونا نہیں جس کے ساتھ کھلواڑکیا جائے یا عوام میں اس کا مذاق اڑایا جائے۔ زائرہ وسیم کے فلمی کیرئیر کی بات کریں تو انہوں نے 2019 میں اداکاری سے کنارہ کشی اختیارکرلی ہے ۔اگرچہ وہ اب فلموں کا حصہ نہیں ہیں لیکن وہ سماجی مسائل پر اپنی آراء کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔