کوالالمپور: ملائشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے خلاف کرپشن کے ایک مقدمے کی کارروائی کو اگلے برس جون تک کے لیے موخر کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل نجیب رزاق کے خلاف مقدمے کی کارروائی کورونا وائرس وبا کی وجہ سے کئی ہفتے تعطل کا شکار رہی ہے۔ نجیب رزاق پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے دس سالہ دورِ حکومت میں کروڑوں ڈالر کا ملکی سرمایہ چرایا۔ مئی 2018 ء میں ان کے حکمران اتحاد کو انتخابات میں شکست ہوئی تھی اور اس کے بعد انہیں اختیارات کے ناجائز استعمال اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت حراست میں لے لیا گیا تھا۔
