ندیم کی شاندار بولنگ ، ہندوستان کامیابی کے قریب

   

نارتھ ساؤنڈ (اینٹیگا ) ۔ 27 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز ندیم نے مقابلے میں متواتر دوسری مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کیں ہیں جس کی بدولت یہاں ویسٹ انڈیز ۔اے کے خلاف کھیلے جارہے غیرسرکاری ٹسٹ مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے مستحکم موقف حاصل کرلیا ہے ۔ ندیم جنھوں نے 21 اوور میں 47 رنز دیکر پانچ وکٹیں حاصل کیں جس کی بدولت ہندوستانی اے ٹیم نے میزبان ٹیم کو دوسری اننگز میں 180 رنز پر ڈھیر کردیا۔ چار روزہ اس مقابلے کے تیسرے دن جب کھیل کا اختتام ہوا تو ہندوستان کو کامیابی کے لئے 97 رنز کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 29 رنز بنانے کا موقع مل گیا ۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پریانک پنچل ہیں جنھوں نے 5 رنز بنائے۔ ابھینو وکٹ پر موجود ہیں جنھوں نے 32 گیندوں میں 23 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ ہندوستان کو کامیابی کیلئے آخری دن 68 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 9 وکٹیں محفوظ ہیں۔ ہندوستان نے آج 299/9 سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن اس کی پہلی اننگز 312 رنز پر سمٹ گئی جس میں وکٹ کیپر بیٹسمین وردھمان ساہا نے 66 رنز کی اننگز کے ساتھ ٹسٹ کرکٹ میں شاندار واپسی کا اشارہ دیا ہے ۔ ویسٹ انڈیز جس نے ہندوستان کو پہلی اننگز میں 84 رنز کی سبقت دی تھی وہ دوسری اننگز میں بھی بہتر شروعات کے باوجود ہمالیائی اسکور بنانے میں ناکام رہی ۔ ندیم جنھوں نے پہلی اننگز میں بھی پانچ وکٹیں لی ہیں دوسری اننگز میں بھی اس کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے مقابلے میں مجموعی طورپر 109 رنز دیکر 10 وکٹیں حاصل کی ہیں اور مین آف دی میچ کیلئے مضبوط دعویدار ہیں۔