نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نربھئے اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کیس میں سزائے موت پانے والے 4 مجرمین کو کل صبح پھانسی نہیں دی جائے گی کیوں کہ دہلی عدالت نے اِن کی پھانسی کو ملتوی کردیا ہے اور اِن کے بلیک وارنٹس کو بھی تاحکم ثانی روک دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج دھرمیندر رانا نے مجرمین کی درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئے پھانسی کی سزا کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔ مکیش کمار سنگھ (32) ، پون کمار (25) ، ونئے کمار شرما (26) اور اکشے ٹھاکر (31) کو یکم فروری کو صبح 6 بجے پھانسی دی جانے والی تھی۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ مجرمین کی پھانسی اور ڈیتھ وارنٹس کو موخر کردیا گیا ہے۔ اِس سے پہلے 22 جنوری کو پھانسی کی سزا دینے کا حکم جاری کیا گیا تھا لیکن 17 جنوری کو ہی حکم التواء دیا گیا اور 17 جنوری کو دوسرا حکم جاری کیا گیا کہ یکم فروری کو پھانسی دی جائے لیکن آج اِس پھانسی کو روک دیا گیا۔ 3 مجرمین پون، ونئے اور اکشے کی پیروی کرنے والے ایڈوکیٹ اے پی سنگھ نے عدالت پر زور دیا کہ وہ اِس معاملہ کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردے۔ تہاڑ جیل کے حکام نے ان کی درخواست کو چیلنج کیا تھا اور کہا تھا کہ مجرمین کو سزا دینے میں کوئی قباحت نہیں ہے انھیں علیحدہ طور پر پھانسی دی جاسکتی ہے۔ تاہم تہاڑ جیل کے حکام کی اِس بحث کو عدالت نے قبول نہیں کیا۔ مجرمین کے وکیل نے زور دے کر کہاکہ قانون اِس بات کی اجازت دیتا ہے کہ جب ایک مجرم کا کیس زیرالتواء ہو تو دیگر کو بھی پھانسی نہیں دی جاسکتی۔ نربھئے کی والدہ آشا دیوی نے کہاکہ وہ مجرمین کو پھانسی میں لٹکانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ اُنھوں نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ اِن کی اُمیدوں کو ٹھیس پہونچی ہے۔