نرمل سابق صدر نشین بلدیہ کی بی آر ایس میں واپسی کی تیاری

   

ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کے ساتھ کام کرنے سابق قریبی رفیق بی گنیش گپتا ذہن بناچکے ہیں

نرمل ۔ 25 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ساری ریاست میں ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ انتخابات کو چند ماہ باقی ہیں ایسے ماحول میں نرمل مستقر میں بھی ایسا ہی ماحول نظر آرہا ہے۔ حلقہ اسمبلی نرمل میں سابق صدر نشین بلدیہ اے گنیش چکراورتی جو کسی زمانہ میں وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی کے قریبی رفیق شمار کئے جاتے تھے جنہوں نے 2014 کے عام انتخابات میں جب اندرا کرن ریڈی بہوجن سماج پارٹی سے حلقہ اسمبلی نرمل سے انتخاب لڑ رہے تھے تب گنیش نے ان کے لئے کام کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے رکن اسمبلی اے اندرا کرن ریڈی کے ہمراہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی جبکہ ریاستی چیف منسٹر نے اندرا کرن ریڈی کو وزارت میں شامل کرلیا تھا۔ دوبارہ 2018 کے عام انتخابات میں گنیش چکراورتی نے ٹی آر ایس سے مستعفی ہوکر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی پھر ایک بار ٹی آر ایس کے بیانر تلے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوبارہ وزارت میں شامل ہوگئے۔ اس کے بعد گنیش نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی اور بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوگئے۔ اب سیاسی حلقوں میں یہ بات عام ہوچکی ہے کہ سابق صدر نشین بلدیہ گنیش چکراورتی اپنے حامیوں کے ساتھ اب بی آر ایس میں شامل ہونے کی تیاری کررہے ہیں اور اے اندرا کرن ریڈی وزیر جنگلات کے لئے کام کرنے کا ذہن بنا چکے ہیں۔ ان کی بی آر ایس میں شمولیت کسی بھی وقت ممکن دکھائی دے رہی ہے۔ نمائندہ سیاست جلیل ازہر نے ان سے فون پر ربط پیدا کرنے کی کوشش کی تاہم وہ فون پر دستیاب نہیں ہوئے کہا جارہا ہے کہ گنیش چکراورتی بہت جلد بی آر ایس میں شامل ہونے جارہے ہیں۔ سیاسی حلقوں میں یہ بات عام ہوچکی ہے۔