طلبہ کا اظہارِ مسرت‘ چیف منسٹر سے ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کا اظہارِ تشکر
نرمل۔ 14؍مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ریاستی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی کی کامیاب نمائندگی اور ریاستی چیف منسٹر کی خصوصی دلچسپی کے نتیجہ میں ضلع مستقر نرمل میں جاریہ تعلیمی سال 2023-24ء کے لئے نیشنل میڈیکل بورڈ دلی کی جانب سے ایک سو نشستوں کی منظوری عمل میں آئی۔ جاریہ سال سے نرمل میڈیکل کالج میں سو نشستوں پر داخلہ شروع ہوں گے۔ مرکزی حکومت کی منظوری کے ساتھ ہی مقامی پارٹی کارکنوں، تاجرین اور اظہار برادری نے ریاستی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی کی رہائش گاہ پہنچ کر انھیں مبارکباد پیش کی۔ دریں اثناء نمائندہ ’سیاست‘ سید جلیل ازہر نے بھی وزیر موصوف کو مبارکباد پیش کی تو انھوں نے ’سیاست نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میں سب سے پہلے ریاستی چیف منسٹر چندراشیکھر راؤ وہ وزیر صحت ہریش راؤ کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے نرمل ضلع کے تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ اس نئے ضلع میں میڈیکل کالج کا قیام ہم سب کے لئے ایک اعزاز سے کم نہیں۔ بی آر ایس حکومت ساری ریاست میں ترقیاتی کاموں اور مختلف اسکیمات کی عمل آوری کے ذریعہ عوام کے تمام طبقات میں کارکردگی کے ذریعہ ایک منفرد مقام بنا چکی ہے۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں تلنگانہ ریاست کی فلاحی اسکیمات کا تقابل نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر موصوف نے سلسلہ گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نرمل کو جب ضلع کا موقف دیا گیا تو یقین کرنے والی بات نہیں تھی۔ اب اس ضلع میں میڈیکل کالج کا قیام بی آر ایس سربراہ کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ سارے ضلع کے عوام کے لئے یہ خوشی و مسرت کا مقام ہے کہ نرمل میں کئی ایک تعلیمی ادارہ تعلیمی میدان میں طلباء و طالبات کو اچھی سے اچھی تعلیم دے رہے ہیں۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ اس بار تمام عہدیداروں، سرپرستوں، طلباء و طالبات کی زبردست محنت و مشقت کے نتیجہ میں دسویں جماعت کے نتائج ریاست تلنگانہ میں نرمل کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ میں تمام نرمل ضلع کے طلباء و طالبات بالخصوص اساتذہ برادری اور طلباء کے سرپرستوں کو دِل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کرتا ہوں کہ آئندہ سال بھی طلباء برادری یہ کوشش کرے کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں بھی نرمل کو اوّل مقام ملے۔ آخر میں وزیر موصوف اے اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ میرا مقصد اس نئے ضلع نرمل کو ایک ماڈل ضلع بنانا ہے اور میں ضلع کی ترقی کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھوں گا۔