نرمل میں امن وامان کے قیام کیلئے وزیر داخلہ کی پولیس کو ہدایت

   

Ferty9 Clinic

بروقت کارروائی سے صورتحال قابو میں، ایس پی سے محمود علی کا ربط
حیدرآباد۔/12 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمو علی نے کہا کہ پولیس نرمل میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو واضح ہدایت دی گئی کہ وہ امن و ضبط کو بہر صورت برقرار رکھیں۔ وزیر داخلہ نے ایس پی نرمل سے فون پر بات کی اور ہدایت دی کہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے تمام تر قانونی قدم اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے فوری متحرک ہونے کے نتیجہ میں صورتحال مزید بگڑنے سے بچ گئی ہے۔ زائد پولیس فورس کو حساس علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ کے مطابق صورتحال پوری طرح قابو میں ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن امان کی برقراری میں حکومت سے تعاون کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام نے ہمیشہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی و بھائی چارہ کو برقرار رکھتے ہوئے گنگا جمنی تہذیب پر مکمل ایقان ظاہر کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے شہر کے چادرگھاٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں دلت لڑکی کے عصمت ریزی کے واقعہ کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون سے بات چیت کی۔ انہوں نے فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر مقدمہ چلانے اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ خاطیوں کو سخت سزاؤں کے ذریعہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے میں مدد ملے گی۔