نریندر مودی نے کورونا وائرس کو ایونٹ میں تبدیل کردیا: محمد علی شبیر

   

قوم سے خطاب مایوس کن، غریبوں اور بے گھر افراد کا کوئی تذکرہ نہیں
حیدرآباد۔ 3 اپریل (سیاست نیوز) سابق وزیر محمد علی شبیر نے وزیراعظم کے قوم سے خطاب میں غریبوں اور بھوکے افراد کو نظرانداز کرنے پر تنقید کی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیراعظم کے خطاب میں توقع کی جارہی تھی کہ وہ ریاستوں کو معاشی پیاکیج اور فنڈس کی فراہمی کا اعلان کریں گے۔ وزیراعظم نے مہاجر ورکرس اور بے گھر افراد کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی جن کا کوئی گھر یا بالکنی نہیں ہے جہاں وہ موم بتی جلاسکیں۔ انہوں نے اس شبہ کا اظہار کیا کہ غریب اور بھوکے افراد نے شاید ہی وزیراعظم کا خطاب دیکھا ہوگا، اور اگر واقعی انہوں نے دیکھا ہے تو ضرور مایوسی ہوگی۔ محمد علی شبیر نے اتوار کی رات 9 منٹ تک مکانات کی برقی گل کرنے کی تجویز کو محض شعبدہ بازی قراردیا اور کہا کہ مودی نے عالمی وباء کو اپنی شہرت کے لیے ایونٹ میں تبدیل کردیا ہے۔ وہ ہر مسئلہ سے سیاسی فائدہ اور تشہیر چاہتے ہیں۔ لاک ڈائون سے قبل جنتا کرفیو میں شام 5 بجے ہر شخص کو تالی بجانے کا مشورہ دیا گیا تھا اس وقت سماجی فاصلے کی خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا قوم سے خطاب مایوس کن رہا۔ انہوں نے لاک ڈائون اور کورونا وائرس سے متاثرین کے لیے کسی امداد کا اعلان نہیں کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ کئی چیف منسٹرس نے وزیراعظم کی ویڈیو کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے مرکز کی جانب سے فراخدلانہ امداد کی اپیل کی لیکن وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کوئی ذکر نہیں کیا ہے۔ وزیراعظم کے خطاب سے ریاستوں کو بھی مایوسی ہوئی ہے جو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ مہاجر ورکرس بے گھر افراد اور غیر منظم شعبہ کے ورکرس کی بھلائی کے لیے کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ لاکھوں غریب کوئی مکان نہیں رکھتے اور نہ ہی ان کو کوئی سہارا ہے۔ وہ کس طرح اتوار کو موم بتی جلا پائیں گے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر پر تنقید کی کہ 10 دن گزرنے کے باوجود سفید راشن کارڈ ہولڈرس کے لیے چاول اور رقم کی تقسیم کے اعلان پر عمل نہیں کیا گیا۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں کسی منصوبہ بندی کے بغیر لاک ڈائون پر عمل کررہی ہیں جس کے نتیجہ میں عوام کو مسائل کا سامنا ہے۔ قبل ازیں محمد علی شبیر نے دیگر ریاستوں کے ورکرس میں غذا تقسیم کی۔ انہوں نے بکنور کے شیلٹر کا دورہ کیا اور ورکرس سے ملاقات کی۔ ضلع کے کانگریس قائدین کی جانب سے غریبوں اور ورکرس میں غذا اور اناج کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔