نریندر مودی کو بابائے قوم قرار دینے پر ٹرمپ کی مذمت

   

مہاتما گاندھی سے تقابل مضحکہ خیز، مودی فوری وضاحت کریں: ہنمنت رائو
حیدرآباد۔ 26ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر وی ہنمنت رائو نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے نریندر مودی کو بابائے قوم قرار دینے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخابات میں ہندوستانیوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے ٹرمپ نے مودی کی تعریف کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے 150 ویں جینتی کے موقع پر امریکی صدر کا یہ بیان ہندوستانیوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔ بابائے قوم صرف مہاتما گاندھی ہیں اور انہیں یہ اعزاز کسی ملک کے صدر نے نہیں بلکہ ہندوستان کی عوام نے عطا کیا تھا۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ نریندر مودی اور مہاتما گاندھی میں کوئی تقابل نہیں ہے۔ مہاتما گاندھی نے عدم تشدد اور ستیہ گرہ کے ذریعہ ملک کو آزادی دلائی جبکہ نریندر مودی کی تاریخ اس سے مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو چاہئے تھا کہ وہ فوری اس بات کی وضاحت کرتے اور ٹرمپ کو اس طرح کے بیانات سے روکتے لیکن انہوں نے خاموشی اختیار کرلی۔ ٹرمپ کے بیان سے ہندوستانیوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ مہاتما گاندھی کی تعلیمات سے متاثر ہوکر نیلسن منڈیلا نے افریقہ میں آزادی کی تحریک چلائی۔ ہنمنت رائو نے ریمارک کیا کہ مودی کو بابائے قوم کہنا ایسا ہی ہے جیسے یونیورسٹی میں تھیسس کوئی اور لکھے اور داخل کوئی اور کرے۔ ڈگری تو داخل کرنے والے کو ہی ملے گی۔ اسی طرح مودی مہاتما گاندھی کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے اپنا درجہ بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اس بات کی وضاحت کردیں کہ بابائے قوم صرف مہاتما گاندھی ہیں۔ ان کے بیان سے وقار میں اضافہ ہوگا۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ سیاسی فائدے کے لیے ایک دوسرے کی تعریف مودی اور ٹرمپ کا معمول بن چکی ہیں۔ دونوں قائدین نے ایک دوسرے کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے جبکہ وہ خصوصیات ان میں موجود نہیں ہیں۔ اب جبکہ ٹرمپ کو صدارتی انتخاب کا سامنا ہے، وہ مودی کی تعریف کے ذریعہ ہندوستانیوں کو خوش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو مہاتما گاندھی قرار دینے سے ہندوستانی ہرگز خوش نہیں ہوں گے۔