احتجاج میں کے سی آر خاندان غیر حاضر، عوام سے معذرت خواہی کے لیے ریونت ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد۔11 ۔ فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تلنگانہ کی تشکیل کے خلاف وزیراعظم نریندر مودی کے بیان پر چیف منسٹر کے سی آر کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے تلنگانہ کے قیام کے طریقہ کار پر اعتراض کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں بیان دیا جس پر کانگریس پارٹی نے ریاست گیر سطح پر احتجاج منظم کیا۔ کانگریس کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے راتوں رات پارٹی کیڈر کو مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کی ہدایت دی۔ ضابطہ کی تکمیل کیلئے ریاستی وزراء اور قائدین نے احتجاج کیا لیکن کے سی آر گھر سے باہر نہیں نکلے۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ کے سی آر خود احتجاج کی قیادت کرتے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک اور شہیدان تلنگانہ کی توہین پر کے سی آر کی بے حسی افسوسناک ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اس وقت راجیہ سبھا میں وزیراعظم تلنگانہ کے خلاف بیان دے رہے تھے، ٹی آر ایس کے ارکان نے کوئی مداخلت نہیں کی اور خاموش بیٹھے رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بیان کے خلاف قائد اپوزیشن ملک ارجن کھرگے نے جب ایوان سے واک آؤٹ کیا تو ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے ان کی تائید تک نہیں کی۔ انہوں نے وزیراعظم کے مخالف تلنگانہ بیان پر کے سی آر کی خاموشی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ چیف منسٹر کو تلنگانہ عوام سے وضاحت کرنی چاہئے ۔ کے سی آر نے مرکز کے خلاف جنگ کا اعلان کیا تھا لیکن وہ کسی بھی وقت گھر سے باہر نہیں نکلے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ عوام کی توہین کئے جانے پر بھی معمولی مذمت تک نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی پروگراموں میں ٹی آر ایس قائدین ریبان عینک لگاکر تفریح کی طرح شریک ہوئے۔ کے سی آر کے ارکان خاندان نے مودی کے علامتی پتلوں کو نذر آتش کرنے کے موقع پر کیوں غیر حاضر رہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے غدار آج تلنگانہ کے حقوق کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی عوام کے سی آر کی خاموشی کا جائزہ لے رہے ہیں اور وہ مناسب وقت پر سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو تلنگانہ میں ووٹ چاہئے لیکن وزیراعظم نے تلنگانہ عوام کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام سے معذرت خواہی تک مودی کو تلنگانہ میں قدم رکھنے نہیں دیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جس وقت پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل منظور کیا گیا ، کے سی آر ایوان سے غیر حاضر تھے۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے، لہذا تلنگانہ کے عوام آئندہ انتخابات میں کانگریس کی تائید کریں گے۔ انہوں نے تلنگانہ عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کے دھوکہ میں نہ آئیں اور تلنگانہ کے ساتھ کے سی آر کی جھوٹی ہمدردی کو بے نقاب کریں۔ر