میدک 22/ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نشہ سے پاک بھارت ابھیان کے تحت منشیات کے خلاف ہفتہ بھر جاری رہنے والی ضلع سطح کی سرگرمیوں کا آغاز آج عالمی یوم یوگا کے موقع پر عمل میں آیا۔ ضلع کلکٹر راہول راج نے بتایا کہ 21 سے 26 جون تک روزانہ مختلف بیداری پروگرام اور تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن کے لیے حکومت نے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ ہفتہ کو ضلع ہیڈکوارٹر میں منعقدہ یوگا دن کی تقریب کے تحت خواتین کے لیے ٹگ آف وار، لیمن اینڈ اسپون اور طالبات کے لیے بستہ جمپ جیسے کھیلوں کا اہتمام کیا گیا۔ ان کھیلوں کا افتتاح کلکٹر راہول راج نے کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ ریاستی انسداد منشیات کنٹرول بیورو (IGANB) اور پَرحَری کلبوں کی جانب سے ریاست بھر کے اضلاع میں اس ہفتے مختلف بیداری اور تعلیمی سرگرمیاں انجام دی جارہی ہیں۔