نشے میں گاڑی چلانے پر ڈرائیونگ لائسنس منسوخ ہوگا:گڈکری

   

نئی دہلی، 26 فروری (یو این آئی) روڈ ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ہر سال سڑک حادثات میں لاکھوں جانوں کو بچانے کے واسطے ، حکومت حفاظتی عوامل کی مکمل جانچ کر رہی ہے اور روڈ انجینئرنگ، آٹوموبائل انجینئرنگ، روڈ سیفٹی قوانین کی سختی سے پابندی، اور تعلیم اور بیداری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ نتن گڈکری نے جمعرات کے روز یہاں ہیبی ٹیٹ سنٹر میں سی آئی آئی کے زیراہتمام منعقدہ ’نیشنل کانکلیو آف روڈ سیفٹی‘ میں اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہر سال سڑک حادثات میں لاکھوں جانیں ضائع ہوتی ہیں اور اس کی روک تھام ضروری ہے ، اس لیے روڈ انجینئرنگ کے ساتھ ساتھ ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے بھی سخت اصول وضع کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشے میں گاڑی چلانے کے زیادہ واقعات کے پیش نظر اس اصول کو مزید سخت کیا جا رہا ہے اور اگر بار بار نشے میں گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا گیا تو ڈرائیونگ لائسنس مستقل طور پر منسوخ کر دیا جائیگا۔