نصیرالدین شاہ کو ممبئی یونیورسٹی کےاردو جلسہ میں شرکت سے روک دیا گیا

   

ممبئی ۔5؍فروری ( ایجنسیز )ممبئی یونیورسٹی میں اردو زبان و ادب کے فروغ کیلئے منعقدہ ایک اجلاس میں ممتاز اداکار اور دانشور نصیرالدین شاہ کی شرکت کو آخری وقت میں منسوخ کردیا گیا۔ یونیورسٹی کے کالینا کیمپس کے پروگرام میں انہیں مدعو کیا گیا تھا لیکن پروگرام سے چند گھنٹے قبل ہی انہیں اطلاع دی گئی کہ انہیں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انتظامیہ نے ’سکیورٹی خدشات‘ کا حوالہ دیا تاہم اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ کون سے خطرات کا سامنا تھا۔ ابتدائی طور پر ایک سرکاری اہلکار نے میڈیا سے یہ دعویٰ بھی کیا کہ نصیرالدین شاہ نے خود شرکت سے انکار کیا لیکن بعد میں اداکار نے اسے ’جھوٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں منسوخی کے بارے میں پروگرام شروع ہونے کے چند گھنٹے قبل بتایا گیا اور انھیں کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔نصیرالدین شاہ نے اس سے پہلے پروگرام کیلئے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا تھاجس میں انھوں نے جلسہ میں شرکت کا اعلان کیا تھا۔