سید نجیب علی ایڈوکیٹ ، محمد جاوید اکرم کی دہلی میں رکن پارلیمنٹ ناصر حسین سے ملاقات
نظام آباد۔10 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب سید نجیب علی ایڈوکیٹ و سینئر قائد کانگریس، جناب محمد جاوید اکرم سابق صدر ضلع وقف کمیٹی و رکن تشہیری کمیٹی ریاست تلنگانہ کانگریس پارٹی نے آج دہلی میں جناب ناصر حسین رکن کانگریس ورکنگ کمیٹی و یم پی راجیہ سبھا سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور تلنگانہ کے مجوزہ انتخابات میں کانگریس کی جانب سے انتخابات میں موثر نمائندگی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ مسلمانوں کا رحجان اور اعتماد کانگریس پر بڑھا ہے اس صورتحال کے پیش نظر آج مسلمانوں کو بھر پور نمائندگی دینے کی ضرورت ہے جن اسمبلی حلقوں میں میں مسلمانوں کی واضح اکثریت موجود ہے وہاں مسلم اُمیدوار کو ٹکٹ دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے نظام آباد اربن اسمبلی حلقہ میں طبقاتی تناسب سے واقف کرایا ۔ جناب ناصر حسین نے جو صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کے بااعتماد رفیق بھی ہیں بتایا کہ وہ شخصی طور پر پارٹی میں مسلمانوں کی بھرپور نمائندگی کو یقینی بنانے کیلئے ہائی کمان کو مسلمانوں کے جذبات اور احساسات سے واقف کرایا ہے ۔ انہوں نے نظام آباد اربن سے مسلم امیدوار کو ٹکٹ دینے کی سفارش کی ہے ، انہوں نے واضح کیا کہ اب تک کسی بھی امیدوار کے نام کو قطعیت نہیں دی گئی ہے ۔ اس مرتبہ تلنگانہ میں کانگریس کی کامیابی کے روشن امکانات موجود ہیں اور کرناٹک کی طرز پر مسلمانوں کی بھرپور تائید کے ساتھ اقتدار پر واپس آئے گی ۔ کرناٹک میں کانگریس کا اقتدار صرف مسلمانوں کی مرہون منت ہے، انہوں نے تیقن دیا کہ پارٹی نے تلنگانہ میں کامیابی کے لیے امیدواروں کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے اورنظام آباد اربن اسمبلی حلقہ سے مسلم امیدوار کو ترجیح دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر محمد جاوید اکرم سابق صدر وقف کمیٹی نظام آباد و رکن تشہیری کمیٹی ریاست تلنگانہ کانگریس پارٹی بھی موجود تھے۔ جنہوں نے مسلمانوں کو پارٹی کی سطح پر نمایاں مقام دینے کی خواہش کی۔