انتظامیہ کے دباؤ کے شکار طلبہ میں خوف و اضطراب‘ ڈی آئی ای او کو یادداشت
نظام آباد۔ 12؍اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ضلع نظام آباد میں قائم چند خانگی جونیئر کالجس کی جانب سے فیسوں کے بہانے طلبہ کو ہراساں کرنے کے واقعات پر اسٹوڈنٹس یونین پی ڈی ایس یو نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔پی ڈی ایس یو کے ضلع جنرل سکریٹری راجیشور کی قیادت میں یونین کے وفد نے نظام آباد میں ضلعی تعلیمی افسر (DIEO) کو ایک یادداشت پیش کی۔ اس موقع پر طلبہ رہنماؤں نے الزام لگایا کہ ایس آر، کاکتیہ اور الفورس جونیئر کالجس تعلیم کے بجائے منافع خوری کے مراکز بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دَسَہرہ تعطیلات کے بعد جب طلبہ کالج واپس لوٹے تو فیس کی عدم ادائیگی کے بہانے انہیں کلاس رومز میں داخل ہونے نہیں دیا گیا، یہاں تک کہ کئی طالبات کو شام تک کالج کے گیٹ پر کھڑا رکھا گیا، جس سے وہ ذہنی اذیت میں مبتلا ہوگئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہوسٹل میں مقیم طلبہ بھی انتظامیہ کے دباؤ سے خوف و اضطراب کی حالت میں ہیں۔ ان اداروں نے بغیر ضروری سرکاری اجازت کے اپنی شاخوں میں غیر قانونی توسیع کی ہے اور والدین و طلبہ کو گمراہ کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایس یو نے ان غیر مجاز کالجوں ، ایس آر، کاکتیہ اور الفورس کو فوری طور پر بند کرنے اور انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔راجیشور نے خبردار کیا کہ اگر ضلعی تعلیمی عہدیدار اس سلسلے میں فوری اقدام نہیں کرتے تو یونین کے نمائندے ضلع کلکٹر سے ملاقات کر کے احتجاج درج کرائیں گے۔ اس موقع پر پی ڈی ایس یو کے قائدین دیویکا، نکھل، منوج، سائی کرن، پرساد، رتن، سنتوش، چرن اور راجو بھی موجود تھے۔