نظام آباد سرکاری ہاسپٹل میں دلسوز واقعہ، ہریش راؤ کی برہمی

   

وہیل چیئر، اسٹریچر نہ ہونے پر والدین نے مریض کو گھسیٹتے ہوئے منتقل کیا، ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل

حیدرآباد ۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) نظام آباد ہاسپٹل میں دلسوز سنسنی خیز واقعہ پیش آیا۔ مریض کو منتقل کرنے کیلئے اسٹریچر، وہیل چیئر دستیاب نہ ہونے پر خاندان کے ارکان نے مریض کے پیر گھسیٹتے ہوئے منتقل کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ دوسروں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیرصحت ہریش راؤ نے اس واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کرتے ہوئے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ دراصل یہ واقعہ 31 مارچ کو پیش آیا تاہم تاخیر سے منظرعام پر آیا سوشیل میڈیا میں وائرل ہونے کے بعد اس پر سیاسی ہنگامہ مچ گیا۔ تفصیلات کے بموجب ایک شخص بیمار ہوجانے پر اس کے والدین اسے ہاسپٹل لے کر پہنچے۔ 31 مارچ کو نظام آباد کے سرکاری ہاسپٹل میں اس وقت ایمرجنسی ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر نے مریض کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور دوسری بیماریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے دوسرے دن صبح جنرل میڈیسن کے ڈاکٹر کو بتانے کا مشورہ دیا۔ اس کے بعد پیشنٹ کیر عملہ نے مریض کو وہیل چیئر پر بیٹھا کر ویٹنگ ہال کے بنچ پر بٹھادیا اور واپس چلے گئے۔ دوسرے دن صبح میں والدین نے صبح او پی میں چٹی لکھا کر ہاسپٹل کی دوسری منزل پر پہنچنے کیلئے مریض کے پیر پکڑ کر زمین پر گھسیٹتے ہوئے لے جارہے تھے جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جو موضوع بحث بن گیا۔ اس واقعہ پر وزیرصحت ہریش راؤ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری اس واقعہ کی تحقیقات کراتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس واقعہ پر سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل نے کہا کہ حقائق کا پتہ لگائے بغیر سوشل میڈیا میں گمراہ کن مہم چلاتے ہوئے سرکاری ہاسپٹلس کے علاج سے عوام کو دور کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ پیشنٹ کیئر عملہ اور سیکوریٹی گارڈ سے اس بارے میں پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔ عملہ کی جانب سے وہیل چیئر لانے تک لفٹ آجانے پر مریض کے والدین نے پیروں سے مریض کو گھسیٹتے ہوئے لے گئے جس کی ویڈیو کو وائرل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اس طرح گمراہ کن مہم چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ن