تقریباً 50 ہزار فرزندان توحید کی شرکت، سنت رسول ؐ پر عمل کرنے علماء کی تلقین
نظام آباد۔ 21 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نظام آباد میں منعقدہ سہ روزہ اجتماع کا آج 12 بجے مولانا فاروق کی رقت انگیز دعاء سے اختتام عمل میں آیا ۔ نظام آباد بودھن روڈسی آر پی کیمپ علاقہ میں گذشتہ تین دنوں سے 5 اضلاع پر مشتمل تبلیغی جماعت کا اجتماع منعقد کیا گیا تھا ۔ اتوار کے روز بعد نماز ظہر اجتماع کا آغاز ہوا تھا اس اجتماع میں نظام آباد ، کاماریڈی ، میدک ، سنگاریڈی ، سدی پیٹ کے علاوہ ناندیڑ ، مہاراشٹرا ، حیدرآباد ، پڑوسی اضلاع سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی اور گذشتہ تین دنوں سے تبلیغی جماعت کے ذمہ داران کی جانب سے بڑے پیمانے انتظامات کئے گئے تھے۔ 5 اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے علیحدہ علیحدہ طعام خانوں کا انتظامات کیا گیا تھا اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے آبی سہولتوں کے علاوہ نظام ساگر کنال سے بھی راست طور پر مصلیان کیلئے وضو کے پانی کا نظم کیا گیا تھا اور تین روزہ اجتماع کے موقع پر 60ایکر وسیع تر میدان میں تقریباً50 ہزار سے زائد افراد نے اجتماع میں شرکت کی ۔ دعاء کی نشست میں شہر نظام آباد کے علاوہ متحدہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے دعائی نشست میں شرکت کی اور بعد نماز ظہر اجتماع کا اختتام عمل میں آیا۔ اجتماع کے بعد بڑی تعداد میں جماعتوں کو تلنگانہ کے علاوہ مہاراشٹرا ، کرناٹک ، دہلی کیلئے 40 دن اور 4 ماہ کی جماعتوں کو روانہ کیا گیا ۔ دہلی نظام الدین مرکز اور حیدرآباد مالاپلی مرکز سے تبلیغی جماعت کے ذمہ دار علمائے کرام نے شرکت کی اور ہر نماز کے بعد خدا کی وحدانیت اور نبی کریم ؐ کے طریقہ پر عمل کرنے تلقین کی ۔ اجتماع کے موقع پر تبلیغی جماعت کے کارکنان کی جانب سے اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد کیلئے بڑے پیمانے پر انتظام کیا گیا تھا ۔ پولیس کی جانب سے ٹرافک کے نظم کو بہتر بنانے کیلئے گاندھی چوک سے سی آر پی کیمپ تک پولیس پیکٹس کو تعینات کرتے ہوئے ٹرافک نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔