نظام آباد میں عیدالفطر کے انتظامات کے سلسلہ میں اجلاس

   

نظام آباد:26؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عیدگاہ کمیٹی کے صدر عبدالرحمن بازرارہ کی صدارت میں گزشتہ شب کنگ پیالیس فنکشن ہال واقع قلعہ روڈمیں شہر کی مختلف فلاحی تنظیموں اور کمیٹیوں کے ذمہ داروں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اس اجلاس میں عید الفطر کے موقع پر عیدگاہوں میں چندہ وصولی کی ترتیب اور اندرون عیدگاہ ٹریفک اور پارکنگ کے انتظامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں شریک مختلف تنظیموں کے ذمہ داروں نے اپنی ذمہ داریوں کو قبول کرتے ہوئے اپنی خدمات پیش کیں اور عیدگاہ میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے متفقہ طور پر اپنی خدمات پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔اس اجلاس میں مسجد قبا ء کمیٹی، جماعت اسلامی ہند، ایس آئی او، گولڈن ویلفیئر سوسائٹی پھولانگ اور یوتھ ویلفیئر سوسائٹی اسلام پورہ کے ذمہ داران موجود تھے جنہوں نے مختلف امور کی انجام دہی کی ذمہ داری قبول کی۔عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے صدر عبدالرحمن بازرارہ کے علاوہ نائب صدر عبدالرّفیق، جنرل سیکریٹری احمد عبدالحلیم، آرگنائزنگ سیکریٹری وسیم احمد خان، احسن پاشا، منظور محی الدین اور محمد فضل اللہ ایگزیکٹیو ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔یہ اجلاس کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا، اور تمام ذمہ داروں اس بات پر اتفاق کیا کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے عیدگاہ میں چندہ وصولی و ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا، تاکہ نمازیوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔