افتتاحی تقریب سے مرکزی وزیر امیت شاہ اور دیگر کا خطاب
نظام آباد:29/جون (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے ریاست تلنگانہ کے ہلدی کسانوں سے کئے گئے وعدہ کو وفا کرتے ہوئے قومی ہلدی بورڈ قائم کیا ہے مسٹرامیت شاہ نظام آباد میں اتوار کے روز قومی ہلدی بورڈ کے نئے دفتر کا افتتاح کیا اور اس موقع پر ہلدی مصنوعات کی نمائش کا مشاہدہ کیا۔ اس افتتاحی تقریب میں مرکزی وزراء کشن ریڈی، بنڈی سنجے، ریاستی وزراء تمّلا ناگیشور راؤ، سیتکّا، بورڈ کے صدر پلی گنگا ریڈی، ارکان اسمبلی دھنپال سوریہ نارائنا،ڈاکٹر بھوپت ریڈی، کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی، بورڈ کی وائس چیئرپرسن بھوانی سری اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔اس موقع پر منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے مسٹر امیت شاہ نے کہا کہ نظام آباد، نرمل، جگتیال اور کاماریڈی جیسے اضلاع میں بڑے پیمانے پر ہلدی کی کاشت ہوتی ہے، لیکن اب تک اس شعبہ کو منظم طور پر اہمیت حاصل نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ 2023 میں ہلدی بورڈ کے قیام کا عمل شروع ہوا اور اس کے آغاز میں اس کا اعلان کیا گیا اور آج عملی سطح پر اس کا دفتر بھی قائم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد یہ ہے کہ ہلدی کسانوں کو نہ صرف مناسب تربیت دی جائے بلکہ مارکیٹنگ، برانڈنگ اور برآمدات کے نظام کو مضبوط بنایا جائے تاکہ کسانوں کو درمیانی افراد کے بغیر امدادی قیمت حاصل ہو۔ امیت شاہ نے یقین دلایا کہ بورڈ کے ذریعہ آئندہ دو سے تین سال میں کسانوں کو موجودہ اقل ترین امدادی قیمت سے اوسطاً سات ہزار روپے فی کنٹل زیادہ قیمت حاصل ہوگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 2030 تک بھارت ایک ملین ڈالر کی مالیت پر مشتمل ہلدی برآمدات کا نشانہ رکھتا ہے اور اسی مقصد کے لیے مرکزی حکومت نے ”بھارت کوآپریٹو ایکسپورٹ لمیٹڈ” اور ”بھارت آرگینک کوآپریٹو ایکسپورٹ لمیٹڈ” جیسی کمپنیاں قائم کی ہیں جن کی شاخیں نظام آباد میں بھی قائم کی جائیں گی تاکہ مقامی کسانوں کو عالمی بازار تک رسائی حاصل ہو۔ امریکہ، یورپین، کینڈا یو کے، ویتنام، سوئزر لینڈ،آسٹریلیا جیسے ملکوں میں جو ارگانک ہلدی کی کاشت کرتے ہیں وہاں تک یہاں کی ہلدی پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت بھی وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں کسانوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور شدید مالی بحران کے باوجود حکومت نے ایک سال میں کسانوں پر ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ اس سے قبل بورڈ کے صدر پلے گنگا ریڈی نے خیرمقدمی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کا کسانوں کی جانب سے اظہار تشکر کیا اس موقع پرمرکزی وزیر کشن ریڈی، بنڈی سنجے مرکزی وزیر، رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کے علاوہ دیگر نے بھی مخاطب کیا۔