نظام آباد کو بڑے پیمانے پرترقی دینے کا عزم : محمدعلی شبیر

   

کلیان لکشمی ‘ شادی مبارک اسکیم کی تقسیم اور دعوت افطارمیںمشیرحکومت کی شرکت
نظام آباد :21؍مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نظام آباد شہر کے راجیو گاندھی آڈیٹوریم میں کلیانہ لکشمی اور شادی مبارک چیکس کی تقسیم گورنمنٹ ایڈوائزر محمد علی شبیر، رکن اسمبلی نظام آباد اربن دھن پال سوریہ نارائنا کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس موقع پر محمد علی شبیر نے نظام آباد کو بڑے پیمانے پر ترقی دینے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کیے جا رہے ہیں بالخصوص نئے راشن کارڈس ، اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت مکانات کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ 36 ہزار اندر اما درخواستیں وصول ہوئی ہے لیکن 3500 مکانات منظور کیے گئے ہیں مستحق افراد کو فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت قرضوں میں مبتلا ہونے کے باوجود بھی غریبوں کی مدد کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ کلیان لکشمی اسکیم کے تحت 146 مستحقین میں ایک کروڑ 46 لاکھ 16 ہزار 936 روپے تقسیم عمل میں لائی۔ اسی طرح شادی مبارک اسکیم کے تحت 419 مستحقین کو چار کروڑ 19 لاکھ 48 ہزار 604 روپے کے چیکس کی تقسیم عمل میں لائی۔ مجموعی طور پر جملہ پانچ کروڑ 65 لاکھ 65 ہزار 540 روپے تقسیم کیے گئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مشکلات کے باوجود اپنے وعدوں پر عمل پیرا ہے۔بعد ازاں محمد علی شبیر نے نظام آباد شہر میں این ٹی آر چوراستہ پر واقع ٹی این جی او بھون میں ضلع نظام آباد کے ٹی این جی او ملازمین کی جانب سے منعقدہ افطار دعوت میں شرکت کی۔ اس موقع پر محمد علی شبیر نے تمام ملازمین کو مبارک باد دیتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے دعا کریں اس موقع پر نظام آباد اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی چیئرمین کیشاوینو ،سابقہ ڈپٹی میر ایم اے فہیم، کانگریس قائدین سید نجیب علی ایڈوکیٹ، این رتناکر، سابق کارپوریٹرس ایم اے قدوس ،محمد مجاہد خان ،محمد ہارون خان کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔