نظام آباد کی ہونہار ڈاکٹر ماریہ سلطانہ ’’ جنوبی ہند چمپئین‘‘

   

ایک سال میں دوسری مرتبہ گولڈ میڈل کی فراہمی ، قومی سطح پر تلنگانہ کا نام روشن کرنے کا عزم

نظام آباد :متحدہ ضلع نظام آباد کے سینئر جرنلسٹ و ایڈیٹر انچیف ہفتہ وار ’’للکار ‘‘ نظام آباد رفیق شاہی کی دوسری ہونہار دختر ڈاکٹر ماریہ سلطانہ نے بھی ضلع کا نام روشن کیا ، واضح رہے کہ انکا پلی ضلع مستقر پر اسپورٹس اتھاریٹی آف آندھرا پردیش کے زیر اہتمام 20؍ مئی تا 22؍ مئی کے دوران قومی جنوبی ہند سطح سے وابستہ تمام ریاستوں کے مابین سائوتھ انڈیا سب جونیئر ، جونیئر اور سینئر خواتین کیلئے پائور لفٹنگ چمپئن ۔2022 ء کے مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ جس میں ریاست تلنگانہ کی جانب سے ڈاکٹر ماریہ سلطانہ کی بہترین کارکردگی کے باعث انہیں ’’ جنوبی ہند چمپئن۔2022 ء گولڈ میڈل سے نوازا گیا ۔واضح رہے کہ موصوفہ 19؍ مارچ 2022 ء کو بھی لال بہادر اسٹیڈیم حیدرآباد میں تلنگانہ اسٹیٹ کلاسک پائور لفٹنگ چمپئن ۔2022 ء منعقدہ مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے پہلا گولڈ میڈل انعام حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ یہاں اس امر کا تذکرہ لازمی ہوگا کہ ڈاکٹر ماریہ سلطانہ اس وقت سنٹرل یونیورسٹی آف حیدرآباد ( گچی بائولی ) میں پوسٹ گریجویٹ ماسٹر آف پبلک اینڈ ہیلت کورس کے آخری سال کی طالبہ ہیں ۔ بعدازاں موصوفہ نے بتایا کہ تلنگانہ ریاست سے وابستہ تمام ہونہار مسلم طالبات کو چاہئے کہ وہ اپنی جاریہ اعلیٰ تعلیم کو جاری رکھتے ہوئے اہم کھیلوں میں اپنی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کے ذریعہ تلنگانہ ریاست سے وابستہ مسرز ثانیہ مرزا (حیدرآباد ) اور نکہت زرین ( نظام آباد ) کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے والدین ، ضلع ، ریاست اور ملک کا نام روشن کرتے ہوئے اسپورٹس کوٹہ کے ذریعہ انجینئرنگ و میڈیکل کورسوں میں داخلہ کے علاوہ یا پھر مرکزی و ریاستی حکومتوں کے زیر انتظام مختلف سرکاری دفاتر میں بہ آسانی ملازمت حاصل کرسکتے ہیں ۔انہوں نے یہ عزم کیا کہ وہ قومی سطح پر منعقد ہونے والے پائور لفٹنگ مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرکے ریاست تلنگانہ کا نام روشن کرینگی ۔ موصوفہ کی اس دوبارہ کامیابی پر رشتہ داروں ، دوست احباب اور متحدہ ضلع نظام آباد سے وابستہ کئی صحافیوں نے اپنی طرف سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی ۔