نظام آباد کے آزاد امیدوار سے تعاون نہ کرنے کی تردید

,

   

سب کے ساتھ یکساں سلوک ، رجت کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 4 اپریل (سیاست نیوز) پارلیمانی حلقہ نظام آباد پر الیکشن کمیشن کے دعوے کے مطابق اس نے پوری نظر رکھی ہے اور تمام امیدواروں کے ساتھ مساوی سلوک کیا جارہا ہے۔ کسی کے ساتھ ناانصافی کئے جانے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ رجت کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نظام آباد میں جملہ 184 امیدوار مقابلہ میں ہیں۔ آزاد امیدواروں نے آج الیکشن آفیسر اراپالی آئی اے ایس سے رجوع ہوکر شکایت کی کہ الیکشن کمیشن اور پولیس کی جانب سے انہیں کوئی تعاون نہیں مل رہا ہے، لیکن رجت کمار کا دعویٰ ہے کہ کسی کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نظام آباد کے آزاد امیدواروں کو جلد سے جلد امتیازی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ امیدوار کی کثیر تعداد کے نتیجہ میں اس عمل میں تاخیر ہورہی ہے۔ الیکشن کمیشن پر الزامات عائد کئے جانے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن منصفانہ و شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہا ہے۔