نظام آباد کے چکن سنٹروں پر دھاوے اور جرمانے

   

نظام آباد :4؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایم ایچ او میونسپل کارپوریشن ساجد علی نے آج نظام آباد کے احمدی بازار میں واقع چکن سنٹروں پر دھاوا کرتے ہوئے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چکن فروخت کرنے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے چکن کو ضائع کردیا اور 5 ہزار روپئے تک کے جرمانہ عائد کیے ۔ ایم ایچ او مسٹر سا جد علی کی اطلاع کے بموجب نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے علاقہ میں ہر ہفتہ کو گوشت کی فروختگی پر پابندی عائد کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی احمدی بازار ، ارسہ پلی ، ویکلی مارکٹ کے علاقہ میں چکن سنٹرس کو کھلے رکھتے ہوئے چکن کو فروخت کررہے تھے اطلاع ملنے پر میونسپل سینٹری انسپکٹر نٹراج گوڑ کی قیادت میں عملہ نے ارسہ پلی میں دو دکانات پر ویکلی مارکٹ میں ایک دکان پراحمدی بازار میں 4 دکانات پر دھاوا کیا اور تقریباً ان چار دکانات میں ایک کنٹل تک چکن کو ضائع کرتے ہوئے 5 ہزار روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ آج احمدی بازار کے علاقہ میں ممنوعہ پلاسٹک کا استعمال کرنے والے افراد کیخلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے کرانہ شاپ پر دھاوے کئے گئے اور ان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔ ممنوعہ پلاسٹک کے استعمال کے خلاف کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔