نظامیہ یونانی جنرل ہاسپٹل کے گرلز ہاسٹل میں بنیادی سہولتوں کا فقدان

   

طالبات کو سخت مشکلات، ایک فلور پر صرف ایک ٹائیلٹ ، ڈرینج کے مسائل

حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے تاریخی نظامیہ یونانی جنرل ہاسپٹل کی ابتر صورتحال کے بارے میں گذشتہ کئی برسوں سے سوشیل میڈیا اور اخبارات کے ذریعہ تشہیر کے باوجود حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ ہاسپٹل کی قدیم عمارت مخدوش ہوچکی ہے اور 8 برس قبل قائم کردہ گرلز ہاسٹل میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے۔ گرلز ہاسٹل کے طلبہ نے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کو ہاسٹل کی ابتر صورتحال سے بارہا واقف کرایا لیکن صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ گرلز ہاسٹل کا 2015 میں آغاز ہوا اور ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات اس سہولت سے استفادہ کررہی ہیں۔ عمارت کی مرمت و تزئین نو کیلئے حکام نے کئی مرتبہ تیقن دیا تھا۔ ہاسپٹل کے انتہائی مخدوش میٹرنٹی وارڈ سے متصل گرلز ہاسٹل ہے جس میں انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیس کی تقریباً 55 طالبات مقیم ہیں۔ ہاسٹل کے تین فلورس بھی بنیادی انفرااسٹرکچر سے محروم ہیں۔ طلبہ نے شکایت کی ہے کہ ٹائیلٹس میں ڈرینج کا مسئلہ روز کا معمول بن چکا ہے۔ ہر فلور پر 20 طالبات کیلئے صرف ایک ٹائیلٹ موجود ہے جس کے نتیجہ میں طالبات کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ ہاسٹل کی عمارت میں جگہ جگہ گندی کے سبب ہمیشہ ماحول بدبودار رہتا ہے جس کے نتیجہ میں طالبات کھلی فضاء اور بہتر ہوا سے محروم ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ عمارت میں چوہوں وغیرہ کی کثرت کے باعث غذا بھی محفوظ نہیں ہے اور رات کے وقت میں طالبات کو آرام میں خلل پڑ رہا ہے۔ حکام کی لاپرواہی پر طالبات نے تاسف کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بنیادی سہولتوں اور خاص طور پر ڈرینج مسئلہ کے بارے میں شکایات کرتے ہوئے وہ تھک چکے ہیں لیکن حکام کو طالبات کی مشکلات سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ٹائیلٹس تقریباً روزانہ ہی بھر جاتے ہیں اور 21 لڑکیوں کیلئے ایک ٹائیلٹ ناکافی ہے۔ عہدیدار نئی عمارت کی تعمیرکا تیقن دے رہے ہیں لیکن تعمیر کا خواب کب پورا ہوگا کہا نہیں جاسکتا۔ ہاسٹل میں حفاظتی انتظامات بھی موثر نہیں ہیں جس کے نتیجہ میں رات کے اوقات میں طالبات خود کو غیر محفوظ تصور کررہی ہیں کیونکہ مستقل وارڈن بھی موجود نہیں ۔ ہاسٹل میں میس کی سہولت نہیں ہے جس کے نتیجہ میں طالبات کو پکوان کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ ہاسٹل کے رومس رہائشی کے قابل نہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل سرویسس اینڈ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے عہدیداروں نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور جلد ہی کاموں کے آغاز کا بھروسہ دلایا۔