نظم و نسق میں عنقریب تبدیلی، چیف منسٹر نے چیف سکریٹری رپورٹ طلب کی

   

آئی اے ایس عہدیداروں کا وزراء کے ساتھ عدم تعاون ، جوبلی ہلز چناؤ کے بعد تبادلوں کا امکان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نظم و نسق پر کنٹرول حاصل کرنے اور حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری یقینی بنانے آئی اے ایس عہدیداروں کے بڑے پیمانہ پر تبادلے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سرکاری اسکیمات پر عمل اور وزراء کی جانب سے عہدیداروں کی مسلسل شکایات کے پس منظر میں چیف منسٹر نے آئی اے ایس عہدیداروں کی کارکردگی پر رپورٹ طلب کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی اہم سرکاری محکمہ جات میں ابھی بھی بی آر ایس دور حکومت میں برسرکار عہدیداروں کو اہم عہدوں پر برقرار رکھا گیا ہے ۔ کئی وزراء نے پرنسپل سکریٹریز اور سکریٹریز کی جانب سے عدم تعاون کی شکایت کی ہے اور گزشتہ دنوں وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ اور سینیئر آئی اے ایس عہدیدار سید علی مرتضی رضوی میں اختلافات کے منظر عام پر آنے کے بعد حکومت نے کارکردگی کی بنیاد پر عہدیداروں کو اہم محکمہ جات تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی محکمہ جات میں آئی اے ایس عہدیدار اپنی من مانی جاری رکھے ہوئے ہیں اور متعلقہ وزراء کی ہدایات کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کو ہدایت دی ہے کہ وہ عہدیداروں کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ پیش کریں۔ چیف منسٹر نے گزشتہ دنوں آئی اے ایس عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں ناراضگی کا اظہار کیا تھا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کئی اہم محکمہ جات میں طویل عرصہ سے فائلز زیر التواء ہیں جس کے نتیجہ میں حکومت کی اسکیمات متاثر ہورہی ہے ۔ کابینہ میں کئے گئے بعض فیصلوں کے حق میں بعض عہدیداروں نے ابھی تک احکامات جاری نہیں کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ کے بعد نظم و نسق میں بڑے پیمانہ پر تبدیلی کی جائے گی تاکہ عہدیداروں پر کنٹرول حاصل کیا جاسکے۔ کئی ضلع کلکٹرس کے بارے میں عوامی نمائندگی کی جانب سے شکایات موصول ہورہی ہیں ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، وزراء کے علاوہ آئی اے ایس عہدیداروں کی پیشی میں تعینات عہدیداروں کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بتایا گیا کہ آئی اے ایس عہدیداروں نے اپنی پیشی میں طویل عرصہ سے مخصوص عہدیداروں کو برقرار رکھا ہے ۔ سکریٹریٹ کے علاوہ ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کی کارکردگی پر بھی رپورٹ طلب کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ فلاحی اسکیمات پر موثر عمل میں آئی اے ایس عہدیدار حکومت سے تعاون کریں۔ کئی اسکیمات کے سلسلہ میں متعلقہ وزراء کی ہدایت کے باوجود آئی اے ایس عہدیداروں نے تجاویز پیش نہیں کی ہیں۔ حکمرانی کے 22 ماہ کی تکمیل کے باوجود نظم و نسق پر مکمل کنٹرول حاصل نہ کرنے پر وزراء میں بے چینی دیکھی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے وزراء سے خواہش کی کہ وہ اپنے محکمہ جات کیلئے عہدیداروں کے ناموں کی سفارش کریں تاکہ تعیناتی کے ذریعہ محکمہ جات کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے۔ 1

جوبلی ہلز ‘چیف منسٹر کی 6 روزہ انتخابی مہم کا آج آغاز
حیدرآباد 30 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی جوبلی ہلز حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار کے حق میں انتخابی مہم کا جمعہ سے آغاز کریں گے ۔ انتخابی مہم کے تحت مختلف بلدی ڈیویژنس میں چیف منسٹر روڈ شو کا اہتمام کریں گے اور کارنر میٹنگس سے خطاب کریں گے ۔ چیف منسٹر کے طئے شدہ شیڈول کے مطابق 31 اکتوبر ، یکم نومبر ، 4 نومبر ، 5 نومبر ، 8 نومبر اور 9 نومبر کو انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ 31 اکتوبر کو شام 7.00 بجے وینگل راؤ نگر میں روڈ شو اور عوام سے خطاب رہے گا۔ رات 8 بجے سوماجی گوڑہ ڈیویژن میں چیف منسٹر کا روڈ شو رہے گا۔ یکم نومبر کو بورہ بنڈہ اور ایرہ گڈہ ، 4 نومبرکو شیخ پیٹ 1 اور رحمت نگر جبکہ 5 نومبر کو شیخ پیٹ 2 اور یوسف گوڑہ میں چیف منسٹر کا روڈ شو رہے گا۔ تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے اور الیکشن کمیشن کو روٹ سے واقف کرایا گیا۔ شام 7 بجے سے رات 9 بجے تک چیف منسٹر انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ 8 نومبر کو صبح 10 تا ایک بجے دن 6 بلدی ڈیویژنس میں چیف منسٹر موٹر سیکل ریالی کی قیادت کریں گے۔ انتخابی مہم کے آخری دن 9 نومبر کو صبح 10 بجے شیخ پیٹ ڈیویژن میں چیف منسٹر کی موٹر سیکل ریالی رہے گی۔ یہ پہلا موقع ہے جب ضمنی چناؤ میں چیف منسٹر کی 6 روزہ انتخابی مہم کو قطعیت دی گئی ہے۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ جات میں انتخابی مہم کے انچارجس کے طورپر مقرر کردہ وزراء اپنے اپنے علاقوں میں مہم جاری رکھیں گے۔1