کورونا وائرس کی وباء کو تبلیغی جماعت سے جوڑنا غلط ، احمد پٹیل کا ٹوئیٹر پوسٹ
احمدآباد ۔ /12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے حکومت پر زور دیا کہ نفرت پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کریں ۔ سماج میں نفرت کا زہر گھولتے ہوئے مخصوص گروپس کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کیلئے تبلیغی جماعت کو قصور وار قرار دینا غلط ہے ۔ ٹوئیٹر پر پوسٹ کردہ اپنے ویڈیو بیان میں احمد پٹیل نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ بعض گروپس ایک ایسے وقت حساس مسائل کو چھیڑرہے ہیں جبکہ سارا ملک کورونا وائرس کی وباء سے پریشان ہے ۔ نظم و نسق کا کام ہے کہ وہ فوری حرکت میں آتے ہوئے خاطیوں کے خلاف کارروائی کریں ۔ جو لوگ یا گروپس ملکر حساس مسائل کو بھڑکانے کی کوشش کررہے ہیں ان کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں سزاء دی جائے ۔ گجراتی میں پوسٹ کردہ اپنے بیان میں احمد پٹیل نے کہا کہ کسی بھی ذات یا طبقہ سے تعلق رکھنے والا شخص کسی کے خلاف نفرت پھیلاتا ہے تو یہ مجرم کہلاتا ہے ۔ انہوں نے دہلی میں نظام الدین مرکز پر تبلیغی جماعت کو نشانہ بنانے کے تناظر میں یہ بیان پوسٹ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم آپس میں ہی لڑتے ہی رہیں گے تو ہم کورونا وائرس کو شکست نہیں دے سکیں گے ۔