طلبہ کو الجھن و پریشانی میں مبتلا نہ ہونے کا وزیرتعلیم کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 22اپریل ( این ایس ایس ) طلبہ اور ان کے سرپرستوں کے احتجاج کے درمیان وزیر تعلیم جی جگدیش ریڈی نے آج کہا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں کسی طالب علم کو ناانصافی کا سامنا کرنا نہیں ہوگا ۔ وزیر تعلیم نے آج یہاں معتمد تعلیم ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جس میں امتحانیپرچوں کی جانچ میں مبینہ خامیوں اور احتجاج کا سبب بننے والے نتائج کا جائزہ لیا ۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت ان تمام مسائل کا جائزہ لے گی اور اگر کہیں کوئی خامی یا نقص پایا گیا تو اس کی اصلاح کی جائے گی ۔ اس مسئلہ کا حل تلاش کرنے کیلئے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اندرون تین دن نقائص کا پتہ چلاتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
