بھاری مقدار میں ملاوٹی اشیاء ضبط، متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج
حیدرآباد۔ 17 نومبر (سیاست نیوز): کمشنر ٹاسک فورس حیدرآباد نے نقلی خوردنی چاندی کا ورق تیار کرنے اور فروخت کرنے والے چار یونٹس پر بیک وقت دھاوے کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ایلومینیم کے ورق، فلیکس اور دیگر ملاوٹی اشیاء ضبط کرلیں اور ان کیخلاف متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج کرلئے ہیں۔ پولیس کمشنر حیدرآباد مہیش مرلیدھر بھاگوت نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے ٹاسک فورس ٹیم نے مصدقہ اطلاع پر مقامی پولیس کی مدد سے چارمینار اور اطراف کے علاقوں میں خصوصی مہم چلائی۔ دھاوؤں کے دوران مکہ مسجد کے قریب واقع اتحاد ورق شاپ، پنچ محلہ میں واقع یو ٹی سی سلور لیف، چارمینار بس اسٹاپ کے مقابل ایم اے میٹرو ورق شاپ اور فلک نما کے آسی ریڈی نگر، بی بی کا چشمہ میں واقع تارا یونٹ کیخلاف کارروائی کی گئی ۔ یونٹس کے مالکین 45 سالہ محمد اکبر ، 62 سالہ محمد ولی الدین ، 60 سالہ محمد شریف اور 47سالہ محمد جلیل خان مبینہ طور پر اصلی چاندی کے بجائے سستے ایلومینیم سے نقلی ورق اور فلیکس تیار کرکے انہیں اصلی چاندی کے نام پر فروخت کررہے تھے۔ پولیس نے 49 بنڈل نقلی چاندی کے ورق، 10 کلو ایلومینیم فلیکس، دیگر پیکٹوں میں موجود چاندی نما فلیکس، ایک کلو نقلی چاندی چڑھی شکر کی گولیاں،قیوم کی 20 بوتلیں، 50 کلو تمباکو، ایک کلو ٹالکم پاؤڈراور پیکنگ مشینیں، مکسر گرائنڈراور دیگر سامان بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔ب