نلگنڈہ میں خوفناک حادثہ، تین نوجوان ہلاک

   


حیدرآباد میں ولیمہ تقریب سے واپسی کے دوران کار اُلٹ گئی، مزید 3 زخمی

نلگنڈہ۔ 8؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ضلع نلگنڈہ میں واقع قومی شاہراہ 65 پر ہوئے بھیانک سڑک حادثہ میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے اور مزید تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ضلع کھمم کے قلعہ بازار سے تعلق رکھنے والے 9 نوجوان حیدرآباد کے معین باغ میں ولیمہ کی تقریب میں شرکت کے بعد اپنے آبائی مقام کو روانہ ہورہے تھے کہ قومی شاہراہ نمبر 65 پر واقع کٹنگور منڈل کے موضع ایراسانی گوڑم کے یہاں رات کی آخری ساعتوں میں 4.25 کے قریب تیز رفتار اینووا کار نمبر اے پی 28 ڈی سی 0002 بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکراکر اُلٹ گئی جس کے نتیجہ میں کار میں سوار بشمول ڈرائیور محمد ارشد علی اور 9 افراد تھے جن میں تین افراد برسرموقع فوت ہوگئے۔ شیخ سمیر 21 سالہ، شیخ یاسین 21 سالہ، محمد اسحاق 21 سالہ مہلوکین کی حیثیت سے شناخت کی گئی۔ خوفناک حادثہ کی اطلاع پر کٹنگور پولیس مقام حادثہ پر پہنچ کر مزید تین زخمیوں کو قریب میں واقع کامینینی ہاسپٹل نارکٹ پلی سے رجوع کردیا اور تمام مہلوکین کو بغرض پوسٹ مارٹم ایریا دواخانہ نکریکل منتقل کردیا۔ بعد پنچنامہ مقدمہ درج کرکے پولیس کٹنگور تحقیقات کا آغاز کردیا۔