نلگنڈہ میں سہ روزہ عرس تقاریب کا آج سے آغاز

   


زائرین کی سہولت کیلئے وسیع انتظامات، ضلع کلکٹر و ایس پی جلوس صندل کا استقبال کریں گے

نلگنڈہ: 9 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نلگنڈہ کی مشہور و معروف درگاہ حضرت سید لطیف اللہ شاہ قادریؒ کی سہ روزہ عرس تقاریب کا 10 نومبر بعد نماز عصر آغاز ہوگا۔ اس خصوص میں متولیان اور انتظامیہ کی جانب سے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ صدر عرس کمیٹی و رکن اسمبلی نلگنڈہ مسٹر کے بھوپال ریڈی سکریٹری سید جعفر خواجہ غوث محی الدین ہاشم ایم زیڈ خان بابا ضیاء الدین اعجاز حسین کے علاوہ متولیان درگاہ شریف سید رشید قادری، سید جمال قادری، سید سمیع اللہ قادری، سید سلطان قادری منعقدہ اجلاس میں زائرین کو سہولتوں کی فراہمی سے متعلق غور و خوص کیا گیا۔ بلدیہ نلگنڈہ کی جانب سے دامن کوہ شمالی میں تعمیراتی کاموں کو جنگی پیمانے پر مکمل کرلیا گیا اور درگاہ شریف پر پانی اور لائٹنگ کی تنصیبی کاموں کو بھی مکمل کرلیا گیا تاکہ عقیدتمندوں کو تمام سہولیات مہیا ہوسکے۔ بعدازیں بتایاگیا سہ روزہ تقاریب کا 10 نومبر بروز جمعرات بعد نماز عصر مدینہ مسجد سے صندل مالی روانہ ہوگا۔ جو شہر کے اہم راستوں سے ہوتا ہوا بعد عشاء دامن کوہ شمالی پہنچے گا جہاں پر ضلع کلکٹر نلگنڈہ مسٹر کرشنا ریڈی ضلع مہتمم پولیس محترمہ رما راجیشوری بحیثیت مہمان خصوصی صندل مالی کا استقبال کریں گے۔ بلدیہ کی جانب سے دامن کوہ شمالی پر استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ بعدازیں صندل مبارک درگاہ شریف پہنچنے پر متولیان درگاہ شریف کی جانب سے مراسم ادا کئے جائیں گے۔ 11 نومبر بعد نماز جمعہ جلسہ فیضان اولیائے اکرام اور ختم قرآن شریف کا اہتمام ہوگا۔ بعدنماز مغرب درگاہ شریف محفل چراغاں ہوگا۔ 12 نومبر کو دامن کوہ شمالی میں محفل سماع کا انعقاد ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ گزشتہ برسوں سے پہاڑی شریف پر واقع درگاہ تک سڑک تعمیر کا وعدہ کیا جارہا ہے جو وعدہ وفا ہونے کی کوئی توقع نظر نہیں آرہی ہے جس کی وجہ سے عوام میں بے چینی کا اظہار کیا جارہا ہے۔