گورنمنٹ جونیر کالج محبوبیہ میں تہنیتی تقریب ، عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے طالبہ کا عہد
حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کا نام روشن کرنے والی اتھیلٹس میں شیخ نازیہ کا نام بھی شامل ہے ۔ گورنمنٹ جونیر کالج محبوبیہ کی اس طالبہ نے لندن میں منعقدہ EPEE کامن ویلتھ فینسنگ چمپئن شپ میں برانز میڈل حاصل کیا ۔ یہ مقابلے 18 اور 20 اگست کو منعقد ہوئے تھے ۔ آج گورنمنٹ جونیر کالج محبوبیہ کے پرنسپل اساتذہ ارکان عاملہ اور طالبات نے شیخ نازیہ اور ان کے والدین کے اعزاز میں ایک تہنیتی تقریب منعقد کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر شیخ نازیہ نے کہا کہ وہ مستقبل میں اولمپکس جیسے مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے اپنے ملک کا نام روشن کرنے کی تمنا رکھتی ہیں ۔ واضح رہے کہ شیخ نازیہ گورنمنٹ جونیر کالج محبوبیہ کی انٹر سال دوم کی طالبہ ہیں ۔ شیخ نازیہ نے بتایا کہ وہ کسی دولت مند گھرانے سے تعلق نہیں رکھتی بلکہ نلگنڈہ کے بنگاری گڈہ نامی گاؤں سے تعلق رکھنے والے آر ٹی سی ڈرائیور کی بیٹی ہے ماں خاتون خانہ ہیں ۔ شیخ نازیہ کے مطابق انہوں نے فینسنگ میں 4 نیشنل اور 3 انٹرنیشنل میڈلس جیتے ہیں ۔ اس نے تلنگانہ اسپورٹس اسکول سے دسویں کامیاب کیا اور وہ 7 ویں جماعت سے ہی فینسنگ مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا ۔ ساتویں جماعت میں انہوں نے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ قطر میں منعقدہ گرانڈ پرکٹس میں حصہ لینے کا بھی انہیں موقع ملا ۔ ایشین چمپئن شپ کے آزمائشی مقابلوں کے لیے بھی منتخب ہوئی تاشقند ازبکستان میں ٹیم سلور میڈل حاصل کر کے اپنے ملک کا نام روشن کیا ۔ دوبئی میں شازیہ کو کل ہند سطح پر 78 واں رینک حاصل ہوا ۔ جب کہ لندن میں حالیہ عرصہ کے دوران منعقدہ EPEE کامن ویلتھ فینسنگ چمپئن شپ میں انفرادی سطح پر برانز اور ٹیم کی سطح پر بھی برانز میڈل حاصل ہوا ۔ محبوبیہ کالج کی پرنسپل سہاستی نے شیخ نازیہ کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس لڑکی نے غربت کے باوجود اپنے گاؤں اپنے ضلع اپنی ریاست اور اپنے ملک کا نام روشن کیا ۔۔