نمائش سوسائٹی کے دفتر پر انسداد رشوت ستانی محکمہ کا دھاوا

   

رقمی خرد برد کے الزامات پر کارروائی ۔ کئی ریکارڈز ضبط کرلئے گئے ۔ آج بھی تلاشی جاری رہنے کا امکان
حیدرآباد۔ اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں نے آج نمائش سوسائٹی کے دفتر پر اچانک دھاوا کرکے کئی ریکارڈس ضبط کرلئے۔ جمعہ کی دوپہر اے سی بی کی خصوصی ٹیم جس کی قیادت ڈی ایس پی سٹی رینج سی ایچ سریکانت کررہے تھے اچانک نمائش سوسائٹی کے دفتر واقع نمائش میدان پہنچ گئی اور تلاش شروع کردی۔ اس کارروائی سے سوسائٹی کے ارکان کو دور رکھا گیا اور درجنوں ریکارڈس ضبط کرلئے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اے سی بی سربراہ کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی ہے جس میں نمائش سوسائٹی کے فنڈز میں خرد برد کے الزامات شامل ہیں۔ اے سی بی نے کارروائی کرکے سوسائٹی دفتر پہنچ کر ریکارڈس کی تلاش شروع کردی۔ بیورو کی یہ کارروائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ حالیہ دنوں نمائش سوسائٹی کے صدر و سابق وزیر صحت ایٹالہ راجندر کو ان کے عہدہ سے ہٹادیا گیا تھا اور انہوں نے سوسائٹی عہدہ سے استعفی دے دیا تھا۔ ڈی ایس پی سریکانت نے کہا کہ خرد برد کی تازہ شکایت موصول ہونے پر یہ کارروائی کی جارہی ہے اور ریکارڈس کی تلاشی ہفتہ کو بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ رقمی لین دین اور مینجمنٹ سے متعلق ریکارڈس کو ضبط کرلیا گیا اور تحقیقات کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے ریکارڈس کا تجزیہ کیا جارہا ہے اور یہ پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کیا دیگر ارکان خرد برد میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کے تعلق سے یہ بھی الزامات موصول ہوئے ہیں کہ سوسائٹی کے تحت کالجس اور دیگر اداروں کی آڑ میں خرد برد ہوا اور اس کا پتہ چلانے تمام ریکارڈس ضبط کئے جارہے ہیں۔ سریکانت نے کہا کہ شواہد اکٹھا ہونے پر متعلقہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔ بیورو کی اس کارروائی سے نمائش سوسائٹی کے ارکان میں سنسنی پھیل گئی ۔