سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ کی کے ٹی آر سے اپیل
حیدرآباد 31 جنوری ( این ایس ایس ) سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر و نائب صدر نیشنل کانفرنس عمر عبداللہ نے آج تلنگانہ حکومت سے اپیل کی کہ وہ صنعتی نمائش میں لگنے والی آگ میں جن لوگوں کے اسٹالس خاکستر ہوئے ہیں ان کی مدد کی جائے ۔ اپنے ٹوئیٹر پر عمر عبداللہ نے ٹی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راو سے اپیل کی کہ وہ اس حادثہ میں متاثر ہونے والے کشمیری تاجروں کی مدد پر بھی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے اس واقعہ میں کشمیری تاجروں کا بھاری نقصان ہوا ہے اور ریاستی حکومت کو ان کی مدد کرنی چاہئے ۔ آگ لگنے کے واقعہ میں کئی دوکانیں خاکستر ہوگئی تھیں اور خاص طور پر کشمیری تاجروں کی دوکانیں پوری طرح تباہ ہوگئیں۔ ایسے میں ان کی مدد کی جانی چاہئے ۔ کے ٹی راما راو نے اپنے جواب میں کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے جواب میں مزید کہا کہ وہ اس اپیل سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کو واقف کروائیں گے ۔