معاشی سست روی پر تشویش کی ضرورت نہیں ۔ نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد 29 اگسٹ( پی ٹی آئی ) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہوئے ان کی صلاحیت ‘ کردار ‘ معیار اور اخلاق کو نظر میں رکھیں۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ عوام کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کے وقت احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہے ۔ انہیں اپنے نمائندوں کی صلاحیت ‘ کردار ‘ معیار اور اخلاق کو ذہن میں رکھتے ہوئے انتخاب عمل میںلانا چاہئے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ کچھ لوگ ذات پات ‘برادری ‘ رقم اور مجرمانہ پس منظر میں ذہن میں رکھتے ہوئے کام کرتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ عوامی زندگی کے معیار کو بلند کیا جائے ۔ وینکیا نائیڈو کوالٹی سرکل فورم آف انڈیا حیدرآباد چیاپٹر کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی سست روی کی باتوں پر تشویش کا شکار ہونے یا ہراساں ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ملک کی معاشی بنیادیں مستحکم ہیں۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی طرز پر پیشہ ورانہ سماجی ذمہ داری کا ضابطہ بھی لاگو کیا جانا چاہئے اور مختلف شعبوں جیسے ڈاکٹرس ‘ وکلا ‘ چارٹرڈ اکاونٹنٹس اور دوسروں میں اس ضابطہ پر عمل کیا جانا چاہئے تاکہ سماج کے پسماندہ اور پچھڑے ہوئے طبقات کی مدد کی جاسکے ۔ انہوں نے تعلیمی نظام میں تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ فزیکل ٹریننگ ‘ اخلاقی سائینس اور شجرکاری کو پہلے بھی اسکولی نصاب میں شامل کیا جاتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو ملک کی تاریخ سے واقف کروایا جانا چاہئے ۔ بالٹک ممالک بشمول لتھوانیا ‘ لاتویا اور ایسٹونیا کے اپنے دورہ کا تذکرہ کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ انہیں نیشنل میوزیم کا دورہ کروایا گیا تھا جہاں ملک کی مکمل تاریخ کو پیش کیا گیا تھا ۔
