جامع مسجد بی صاحبہ پنجہ گٹہ میں جے اے سی کا اجلاس ، محمد مشتاق ملک و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔27فبروری(سیاست نیوز) قومی آبادی رجسٹر(این پی آر)کے متعلق گمراہ کن پروپگنڈوں کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کے انعقاد کا عزم ظاہر کرتے ہوئے مخالف سی اے اے‘ این آرسی و این پی آر جوائنٹ ایکشن کمیٹی تلنگانہ و آندھرا نے جامع مسجد بی صاحبہ پنجہ گٹہ میںمنعقدہ اجلاس کے دوران تلنگانہ کے تمام مساجد اور دینی مدراس کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ بعد نماز جمعہ اپنے مساجد سے این پی آر کی مخالفت کی اپیل کریں اور عوام سے کہیں وہ اگر کوئی آپ کے ناموں او ردیگر تفصیلات کااندراج کرنے کے لئے آتا ہے تو اس کا بائیکاٹ کریں اور نماز کے بعد سڑکوں پر نکل کر پرامن احتجاج کریں تاکہ تلنگانہ حکومت کو این پی آر سے دستبرداری اختیار کرنے کے لئے دبائو ڈالا جاسکے۔ چیرمن جے اے سی محمد مشتاق ملک کی نگرانی میںمنعقدہ اجلاس میں مختلف مساجد اور دینی مدارس کے ذمہ داران کے علاوہ جے اے سی میںشامل اداروں اور تنظیموںجیسے وحدت اسلامی‘ جماعت اہلحدیت‘ مومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس‘ مجلس بچائو تحریک کے نام قابل ذکر ہیں کے ذمہ داران موجود تھے۔جناب محمدمشتاق ملک نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ جب تک تحریری طور پر حکومت تلنگانہ این پی آر کو نافذ کرنے سے انکار نہیںکرتی تب تک حکومت کے کسی بھی نمائندے کے بیان کو مسلمان قابل قبول نہیںسمجھیں گے۔انہوںنے کہاکہ محض عوام کوگمراہ کرنے کے لئے این پی آر کے متعلق غلط بیانی کی جارہی ہے جبکہ مرکزی حکومت نے واضح طور پر اپنے اعلامیہ میںکہہ دیا ہے کہ یکم اپریل سے جو ملک بھر میںمردم شماری کا کام انجام دیاجائے گا اس کے ساتھ این پی آر بھی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور اس کے نمائندے کے قول وفعل میں تضاد ہے اور ہم سمجھتے ہیںکہ شائد حکومت تلنگانہ کے نمائندوں نے مرکزی حکومت کے اس اعلامیہ کا مطالعہ نہیںکیاہے۔ جناب محمد مشتاق ملک نے کہاکہ آئندہ ماہ تلنگانہ اسمبلی میںبجٹ اجلاس ہے اور اگر حکومت خصوصی اجلاس کے ذریعہ سی اے اے‘ امکانی این آرسی او رمجوزہ این پی آر کے خلاف اپنے موقف کی وضاحت پر مشتمل قرارداد منظور کرے اور تلنگانہ میں مذکورہ تینو ں سیاہ قوانین کے نفاد سے انکار کاباضابطہ اعلان کرے۔ مشتاق ملک نے مجوزہ اسمبلی اجلاس کے پیش نظر اسمبلی کے گھیرائو کا انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت جے اے سی کے مطالبات کونظر انداز کرے گی یاپھر این پی آر کے نفاذ کی تلنگانہ میںکوشش بھی کرتی ہے تو ہم ملین مارچ سے بڑے اجتماع کے ساتھ اسمبلی کا گھیرائوکریں گے۔انہوں نے کہاکہ یکم اپریل تک تلنگانہ حکومت پر دبائو کے مقصد سے بعد نماز جمعہ مساجد سے نکل کر سڑکوں پر اترنے کی بھی انہوں نے عوام سے اپیل کی اور کہاکہ این پی آر کے خلاف پرامن احتجاج کرتے ہوئے حکومت کو یہ پیغام دیں کہ تلنگانہ میںمسلمان این پی آر کے متعلق کس حد تک پریشان ہے۔