مساجد کمیٹیوں سے زائد جماعتوں کے اہتمام کی خواہش، صحت و صفائی کے انتظامات پر توجہ
حیدرآباد۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومت کے اقدامات میں مکمل تعاون کرتے ہوئے نماز عیدالفطر محلہ کی مساجد میں ادا کریں۔ وقف بورڈ کی جانب سے عید گاہوں میں نماز عیدالفطر کے انتظامات نہیں کئے جارہے ہیں کیونکہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ہجوم کے جمع ہونے کی صورت میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا اندیشہ ہے لہذا گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی نماز عید الفطر عیدگاہوں میں ادا نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے قریبی مساجد میں نمازوں کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے مساجد کمیٹیوں سے اپیل کی کہ مصلیوں کی تعداد کو پیش نظر رکھتے ہوئے مختلف اوقات میں نماز عیدالفطر کا اہتمام کریں تاکہ محلہ کے تمام افراد نماز میں شامل ہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ سماجی فاصلہ کے ساتھ صفوں کے اہتمام کی صورت میں مساجد میں جگہ کی کمی پیدا ہوگی لہذا ہر مسجد کمیٹی علحدہ اوقات میں با جماعت نمازوں کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ صبح 7 بجے کے بعد 8 اور 9 بجے یا پھر 10 بجے نماز عیدالفطر کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح تمام مسلمان اپنے محلہ کی مساجد میں نماز عیدالفطر خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کرسکتے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کو ڈاکٹرس اور طبی ماہرین نے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے اور وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے ہے۔ ایسے میں ہر مسلمان کو نماز اور اس کے علاوہ بھی ماسک کا استعمال کرتے ہوئے نہ صرف خود کو بلکہ دوسروں کو بھی کورونا سے بچانے کی فکر کرنی چاہیئے۔ محمد سلیم نے مساجد کمیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ عیدالفطر کے موقع پر مسجد اور اس کے اطراف و اکناف صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی مسجد میں انتظامات کیلئے فنڈز موجود نہیں ہیں تو مسجد کمیٹی وقف بورڈ سے رجوع ہوسکتی ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے انتظامات کیلئے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ محمد سلیم نے کہا کہ مسلمانوں کو کورونا پر کنٹرول کے سلسلہ میں حکومت کے اقدامات میں تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے غریب مسلم خاندانوں کی مدد کیلئے اناج کے پیاکٹس کی تقسیم کا پہلا مرحلہ مکمل کیا گیا ہے۔ رمضان المبارک کے بعد وقف بورڈ کا اجلاس طلب کرتے ہوئے غریب خاندانوں بالخصوص مریضوں کی مدد کے سلسلہ میں پیاکیج کو منظوری دی جائے گی۔