نماز کے دوران چہرے پر ماسک پہننا جائز نہیں مگر وبا کے دوران اس کی اجازت : مفتی عبداللہ المطلق

   

جدہ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے مشہور مفتی اور عالم شیخ ڈاکٹر عبداللہ المطلق نے کہا ہے کہ اسلام میں عام حالات میں منہ اور ناک کو ماسک سے ڈھانپ کر نماز پڑھنا جائز نہیں، مگر وبا کے باعث ایسا کیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ المطلق سعودی عرب کے ممتاز ترین علماء پر مشتمل بورڈ کے رْکن ہیں اور شاہی ایوان کے مشیر وں میں سے ایک ہیں۔شیخ عبداللہ المطلق نے ایک سعودی ٹی وی چینل پر فتاویٰ سے متعلق ایک مذہبی پروگرام میں کہا کہ کورونا کی موجودہ وبا کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ماسک پہننا ایک مستحب عمل ہے۔ شیخ المطلق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کی جانب سے 65 سال سے زائد افراد کو نماز مساجد کی بجائے گھروں پر ہی پڑھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔