حیدرآباد۔ شہر کے نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس ( نمس ) دواخانہ کو کورونا ویکسین کے انسانی تجربہ کیلئے منتخب کیا گیا ہے اور یہاں 7 جولائی منگل سے اس ویکسین کی کلینیکل ٹرائیل کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے نمس کو کورونا ویکسین کی ہیومن ٹرائیل کی اجازت دی تھی ۔
COVAXIN
ہندوستان کی پہلی اندرون ملک تیار کردہ کورونا ویکسین ہے جسے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی جانب سے تیار کیا جا رہا ہے ۔ کونسل اس کام میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائیرولوجی ( پونے ) اور بھارت بائیوٹیک انٹرنیشنل لمیٹیڈ ( بی بی آئی ایل ) کے اشتراک سے کام کر رہا ہے ۔ آئی سی ایم آر 15 اگسٹ تک ویکسین کھوجنے کی تیاری کر رہا ہے تاہم طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کونسل نے 15 اگسٹ کی جو حد مقرر کی ہے اس میں اس دوا کو عوام میں لانا مشکل ہے ۔ آئی سی ایم آر کو ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا کی جانب سے کلینیکل ٹرائیل کی اجازت مل گئی تھی جس کے بعد نمس کو تجربہ کی اجازت دی گئی ہے ۔