اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہیکہ نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں ہوگی لیکن اگر وہ وطن واپس آنا چاہیں تو خصوصی سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ 20 اگست 2018 سے نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ہے۔ جن کے نام ای سی ایل میں ہوں ان کو نا تو پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے اور نہ ہی ان کے پاسپورٹ کی تجدید ہوتی ہے۔ مریم نواز نے سرجری کی بات کی ہے، اگر وہ درخواست نہیں کرنا چاہتی تو نہ کریں اچھی بات ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو لوگ سیاست کیلئے ملک چھوڑ کرجاتے ہیں تو ووٹ کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں، وہ کیا سیاست دان ہے جو دھوکہ دیکر ملک چھوڑ جاتاہے، عدالت نے نواز شریف کو جو ایک دفعہ کی مہلت دی تھی اس کا غلط استعمال کیا گیا، ہائی کورٹ کا فیصلہ ہے نواز شریف پاکستان واپس آئیں، نواز شریف کو پاکستان آنے سے نہیں روکا جارہا، ان کے پاسپورٹ کی مدت آج رات 12 بجے ختم ہورہی ہے۔ نواز شریف وطن آنا چاہیں تو ان کی درخواست پر پاکستان آنے کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے۔